وزیر اعلی پنجاب محکمہ تعلقات عامہ کے سنیئر افسران کی حق تلفی کا نوٹس لیں،ثنا ء اللہ اختر

خلاف ضابطہ افسران کی تقرریاں غیر منصفانہ عمل ہے ، صدر رفاعی تنظیم الاخوت

اتوار 17 جنوری 2016 16:59

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء) رفاعی تنظیم الاخوت کے صدر ثنا ء اللہ اختر نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی توجہ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کے سنیئر افسران کی محکمانہ ترقیوں اور تقرریوں سے متعلق دلاتے ہوئے اس بارے میں نامنصفانہ اور قوائد کے برعکس اقدامات کو رکوانے کا مطالبہ کیا ہے ․الاخوت کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں انہو ں نے بتایا کہ محکمہ مذکورہ کے سنیئر افسران اس امر سے سخت پریشان بلکہ تشویش میں مبتلا ہیں کہ محکمہ میں بالائی سطح پر آسامیاں عرصہ دراز سے خالی ہیں اور ان پر ترقی کا استحقاق رکھنے والے نیز پیشہ ورانہ کام سے بہرہ ور سنیئر افسران کے کیسز منظوری کے لیئے صوبائی پروموشن بورڈ کے سامنے پیش کرنے سے مجاز افسران گریزاں ہیں․ پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا کہ دریں اثناء مذکورہ آسامیو ں پر قوائد کے برعکس دوسرے محکموں کے افسران کی تقرری کی ایک تجویز بھی زیر عمل ہے ․ بتایا گیا کہ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب کچھ عرصہ قبل ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ کی بیس گریڈ کی پوسٹ پر اٹھارہ گریڈ کے سیکرٹریٹ گروپ کے ایک آفیسر کی تقرری عمل میں لائی گئی ․ مذکورہ آفیسر محکمہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی سے لاعلمی کی بناء پر اپنے افسران سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ پریس میں حکومتی کارکردگی کی اس طرح تشہیر کریں کہ ٹھوس نتائج برآمد ہوں جیسا کہ کنکریٹ کی ایک عمارت کو دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

چنانچہ انہو ں نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد سنیئر افسران کے ایک اجلاس مذکورہ نتائج پیدا کرنے کو ان کی کارکردگی کا معیار قرار دیا اور تنبیہ بھی کی کہ ایسا نہ کیے جانے پر وہ محکمہ کا کام کسی نجی شعبے کو تفویض کرنے کی تجویز حکومت کو پیش کرنے پر مجبور ہو ں گے ․ حال ہی میں معلوم ہوا ہے کہ انہو ں نے اپنی سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے لیئے پہلے مرحلے پر محکمہ کی تمام اعلی آسامیوں پر سیکرٹریٹ گروپ کے افسران کی تقرری کے ایک سکیم حکومت کو ارسال کی ہے ․ اس صورتحال سے بچنے کے لیئے تعلقات عامہ کے افسران وزیر اعلی پنجاب سے داد رسی کے طالب ہیں تاکہ ناانصافیاں رک سکیں۔

متعلقہ عنوان :