وزیراعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ (کل) سعودی عرب اور ایران کا دورہ کریں گے

وزیراعظم دونوں ملکوں کی قیادت کے ساتھ عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، پاکستان کے ایران اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کو سعودی عرب اور ایران میں بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی پر تشویش ہے،دفترخارجہ

اتوار 17 جنوری 2016 15:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جنوری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف (کل) پیر کو سعودی عرب اور ایران کا دورہ کریں گے‘ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی عرب جائے گا۔ اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل الله نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم 18اور 19جنوری کو سعودی عرب اور ایران کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم دونوں ملکوں کی قیادت کے ساتھ عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ایران اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کو سعودی عرب اور ایران میں بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی پر تشویش ہے۔ وزیراعظم نواز شریف دونوں ملکوں کی کشیدگی کو پرامن طریقے سے حل کروانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کا یہ اقدام مسلم امہ کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ پاکستان او آئی سی کے ممبر ممالک میں برادرانہ تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔