میرٹ کی بنیاد پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اصول کی دھجیاں اڑا دی گئیں ، میرٹ صرف غریب کیلئے برقرار

وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت پرائیویٹ کمپنیوں و با اثر افراد کے 3933 کنکشنز کے ذمے فی کس ایک کروڑ روپے سے زائد واجب الادا ہیں،وزارت پانی و بجلی کاانکشاف 1کھرب 13ارب کے ڈیفالٹر ہونے کے باوجود با اثر افراد میں سے صرف 86کے کنکشن منقطع، 3847ڈیفالٹرز کوتاحال بجلی کی فراہمی جاری وفاقی حکومت کے 191 کنکشنز کے ذمے 56 ارب36 کروڑ سے زائد ہونے کاانکشاف صوبے بھی وفاق سے پیچھے نہ رہے ، 33ارب 15کروڑ سے زائد کے واپڈا کے مقروض نکلے ،تاحال بجلی فراہمی جاری با اثر افراد اور پرائیویٹ کمپنیاں بھی قانون سے روگرادانی کرنے لگیں ، 24ارب92کروڑ سے کی مقروض نکلیں

اتوار 17 جنوری 2016 13:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جنوری۔2016ء) وزارت پانی و بجلی کے میرٹ کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ اور ریکوری کی باتیں بے معنی ثابت ہو گئیں، ملک بھر میں مجموعی طور پر وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت پرائیویٹ کمپنیوں و با اثر افراد کے 3933 کنکشنوں کے ذمے فی کس ایک کروڑ روپے سے زائد واجب الادا ہیں، جن کی مجموعی مالیت 1کھرب 13ارب روپے سے زائد ہے، وزارت نے 3933 ڈیفالٹر صارفین میں سے صرف 86کے کنکشن منقطع کیے باقی 3847ڈیفالٹر صارفین کے تاحال کنکشن منقطع نہیں کئے گے اور انکو بجلی کی فراہمی جاری ہے، واجب الادا رقم میں سے وفاقی حکومت کے 191 کنکشنز کیذمے 56 ارب36 کروڑ سے زائد، صوبائی حکومتوں کے 1816کنکشنوں کے ذمے 33ارب 15کروڑ85 لاکھ واجب الادا ہیں جبکہ با اثر افراد اور پرائیویٹ کمپنیوں کے1926کنکشنوں کے ذمے24ارب92کروڑ58لاکھ روپے سے زائد کے واجبات باقی ہیں اور صرف40 کنکشن منقطع کئے گئے، سرکاری دستاویزات کے مطابق واپڈا کے وفاقی حکومت کے ذمے 191کنکشنزکے 56ارب 36کروڑ 29لاکھ 15ہزار 841 روپے واجب الادا ہیں جبکہ واپڈا نے صرف دو کنکشن منقطع کئے ہیں اور 189 کنکشنز کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

(جاری ہے)

189 کنکشنز میں سے سب سے زیادہ کنکشن آئیسکو کے 130 ہیں جن کے ذمے 39ارب 14کروڑ سے زائد واجبات واجب الادا ہیں جبکہ پیسکو کے 26کنکشنز کے 9 ارب 54کروڑ 58لاکھ سے زائد واجبات باقی ہیں۔ اسی طرح لیسکو کے 5‘گیپکو کے13‘ حیسکو 6‘ سیپکو اور کیسکو کے 4,4 اور ٹیسکو کے 3 کنکشن شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومتوں کے 1816کنکشنز کے ذمے 33ارب 15کروڑ85 لاکھ 12634 روپے واجب الادا ہیں۔

واپڈا کی جانب سے 1816 ڈیفالٹر کنکشنز میں سے صرف 44 کنکشنز کی بجلی منقطع کی گئی جبکہ باقی 1772 ڈیفالٹر صارفین کو تاحال بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ دستاویزات کے مطابق بااثر افراد اور پرائیویٹ کمپنیوں کے 1926 کنکشنز کے ذمے 24ارب 92کروڑ 58لاکھ 57648 روپے واجب الادا ہیں۔ واپڈا کی جانب سے صرف 40 ڈیفالٹرز صارفین کے کنکشنز منقطع کئے گئے ہیں جبکہ 1886 ڈیفالٹر صارفین کو تاحال بجلی کی فراہمی جاری ہ ے۔