فیڈریشن الیکشن میں بدترین شکست پربزنس مین پینل کے رہنما ؤں کوایس ایم منیر فوبیا ہوگیا ،یو بی جی

ہفتہ 16 جنوری 2016 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے ترجمان گلزارفیروز،سیکریٹری جنرل زبیر طفیل، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدورظفربختاوری،میاں عزیزالرحمان چن،فیصل جمال دشتی اورمسزساجدہ ذوالفقار،سینئررہنما وحیدشاہ،یحییٰ پولانی،عرفان سروانہ اور مسز ناہیدمسعودنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایف پی سی سی آئی انتخابات میں عبرتناک شکست سے دوچار ہونے والے گروپ بزنس مین پینل کے بچے کھچے اراکین کی جانب سے ایک بار پھر یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرکے ْخلاف کی جانے والی مہم پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس مین پینل اب صرف شیطانوں کاٹولہ رہ گیا ہے جس میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے والے،لوگوں کا پیسہ لوٹنے والے ،سیاسی پارٹیوں کانام استعمال کرکے لوگوں کو دھوکہ دینے والے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یو بی جی رہنماؤں نے کہا کہ بزنس مین پینل میں شامل افراد ملکی معیشت مخالف سرگرمیوں میں موجود ہیں اور اکادکا ٹیکس ادا کر نے والوں کے علاوہ زیادہ تر افراد ملک کو ٹیکس ادا نہیں کرتے ،یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے انہیں ایف پی سی سی آئی الیکشن میں مسترد کردیاجبکہ یو بی جی کو پنجاب،سندھ،بلوچستان،اسلام آبادکی تمام چیمبرزاور ایسوسی ایشنز کے تمام عہدوں پر کامیابی حاصل ہوئی لیکن بزنس مین پینل کی بلیوں کو اب بھی خواب میں چھیچڑے ہی نظرآرہے ہیں ۔

یو بی جی رہنماؤں نے کہا کہ ہارے ہوئے رہنما اب تک اپنی عبرتناک شکست کو تسلیم نہیں کرپائے جس کی وجہ سے انکا باربارذہن بہک رہا ہے اورانہیں ایس ایم منیر فوبیا ہوجاتا ہے اور انکے اس ڈر وخوف کا علاج ملک میں تو کیا دنیا کے کسی بھی ڈاکٹرکے پاس ممکن نہیں ہے اور بزنس کمیونٹی کو یہ خدشہ ہے کہ شکست کا غم لئے بزنس مین پینل کے میاں زاہد،غلام علی،سلطان چاؤلہ ، انجم نثار،مرزا عبدالرحمن کپڑے پھاڑ کر ایس ایم منیر کہتے ہوئے سڑکوں پر نہ نکل جائیں۔

یو بی جی ترجمان گلزار فیروز نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے حالیہ انتخابات میں ملک کے ممتاز بزنس لیڈرایس ایم منیر کی سرپرستی میں یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کی کامیابی پرہمارے لیڈر ایس ایم منیر کو لکھا گیامبارکبادکا خط ملک بھر کی پوری بزنس کمیونٹی کے لئے اعزاز اورانکے کے احساسات وجذبات کی عکاسی کرتا ہے، وزیر اعظم نے اپنے خط میں ایس ایم منیر کی بحیثیت سی ای او ٹی ڈیپ اور بطور سرپرست اعلیٰ یو بی جی بہترین کارکردگی کا اعتراف کیاہے جس نے ایس ایم منیر کے گنے چنے مخالفین کومزید بوکھلا کر رکھ دیا ہے جو اپنے آپ کو اخباری بیانات تک زندہ رکھے ہوئے ہیں،واضح رہے کہ وزیر اعظم میاں نوازشریف نے اپنے واضح طور پراپنے خط میں ایس ایم منیرکی رہنمائی میں ٹی ڈیپ ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے انکی انتھک کوششوں کی تعریف کی ہے۔

متعلقہ عنوان :