بلغاریہ سے تجارت کو فروغ دے کر جنوب مشرقی یورپ کی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل کی جا سکتی ہے،مچھلی، چمڑے اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر بہت سی پاکستانی مصنوعات کی بلغاریہ کی مارکیٹ میں مانگ ہے،پاکستانی تاجر ڈسپلے سنٹر قائم کریں

بلغاریہ کیلئے نامزد پاکستانی سفیر اے ایس بابر ہاشمی کااسلام آباد چیمبرآف کامرس کے دورہ پر خطاب

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء ) بلغاریہ کے لئے نامزد پاکستان کے سفیر اے ایس بابر ہاشمی نے تاجر برادری پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ بلغاریہ کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے کیونکہ بلغاریہ کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر کر کے پاکستان جنوب مشرقی یورپین ممالک کی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے ، بلغاریہ جنوب مشرقی یورپ تک پہنچنے کیلئے ایک گیٹ وے ہے لہذا اسکے ساتھ تجارت کا فروغ ان ممالک کی منڈیوں تک آسان رسائی حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا ، چمڑے کی مصنوعات، آلات جراہی، ٹیکسٹائل کی مصنوعات اور مچھلی سمیت دیگر بہت سی پاکستانی مصنوعات کی بلغاریہ کی مارکیٹ میں مانگ موجود ہے لہذا پاکستانی تاجر برادری کو چائیے کہ وہ بلغاریہ میں ایک ڈسپلے سنٹر قائم کرنے پر توجہ دیں جہاں وہ اپنی مصنوعات کی نمائش کر کے جنوب مشرقی یورپین مارکیٹ میں آسانی سے داخل ہو سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کویہاں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے تاجروں سے ملاقات میں بلغاریہ اور پاکستان کے مابین باہمی تجارت کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ بلغاریہ کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے کیونکہ بلغاریہ کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر کر کے پاکستان جنوب مشرقی یورپین ممالک کی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلغاریہ جنوب مشرقی یورپ تک پہنچنے کیلئے ایک گیٹ وے ہے لہذا اسکے ساتھ تجارت کا فروغ ان ممالک کی منڈیوں تک آسان رسائی حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ اے ایس بابر ہاشمی نے کہا کہ چمڑے کی مصنوعات، آلات جراہی، ٹیکسٹائل کی مصنوعات اور مچھلی سمیت دیگر بہت سی پاکستانی مصنوعات کی بلغاریہ کی مارکیٹ میں مانگ موجود ہے لہذا پاکستانی تاجر برادری کو چائیے کہ وہ بلغاریہ میں ایک ڈسپلے سنٹر قائم کرنے پر توجہ دیں جہاں وہ اپنی مصنوعات کی نمائش کر کے جنوب مشرقی یورپین مارکیٹ میں آسانی سے داخل ہو سکتے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ سفارتخانوں کا کام بیرونی ممالک میں پاکستان کے تجارتی اور معاشی مفادات کو فروغ دینا ہے اور مذید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو چائیے کہ وہ تجارتی وفد بلغاریہ لے کر جائے اس سلسلے میں انہوں نے یقین دلایا کہ ان سفارتخانہ دورے کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی تجارت کو فروغ دینے میں بیرون ممالک میں قائم پاکستان کے سفارتخانوں کا کردا ر بہت اہم ہے اور کہا کہ بلغاریہ میں قائم پاکستان کے سفارتخانہ کو چائیے کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی بلغاریہ کی مارکیٹ میں مانگ کی نشاندہی کر کے مقامی چیمبروں کو بتائے تاکہ پاکستانی تاجر برادری بلغاریہ میں موجود تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری قائم کرنے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا بلغاریہ کے تاجروں کو پاکستان میں موجود کاروباری مواقعوں سے آگاہ کرنے کے لئے پاکستانی سفارتخانہ کو کردار ادا کرنا چائیے تاکہ وہ ان مواقعوں سے استفادہ حاصل کر کے باہمی تجارت کو فرو غ دے سکیں ۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بلغاریہ کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لئے مفید تجاویز پیش کیں اور کہا کہ نامزد سفیر بلغاریہ کے تاجروں کو پاکستان میں خاص طور پر ٹیکسٹائل اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں شراکت داریاں قائم کرنے کی طرف راغب کرنے کی کوشش کریں تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاروی اور پیداواری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

متعلقہ عنوان :