Live Updates

راجن پور میں ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی نے محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ کررکھاہے،ڈبلیو ڈبلیو ایف نے خیبرپختونخوا حکومت کی بلین ٹری سونامی کو 85 فیصد کامیاب قرار دیا ہے ، خیبر پختونخوا میں درخت اور پنجاب میں میٹر و بس اور اور نج لائن ٹرین اگائی جارہی ہے، 2018 کے آخر تک ایک ارب 20کروڑ درخت لگ جائینگے ،پنجاب کا ٹمبر اور لینڈ مافیا قانون کے خوف سے بالاتر ہوکر قبضے کررہاہے ،خیبرپختونخوا کے مقابلے میں پنجاب میں جنگلات کی کیفیت انتہائی ِ تشویش ہے، چھانگا مانگا جیسے بڑے جنگل میں سے 70ہزار درختوں کا صفایا کیا جا چکا ہے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہری پور میں بلین ٹری سونامی کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو، منصوبے کی ویب سائیٹ کاافتتاح، قیمتی اور نایاب نسل کے عقاب آزادکئے

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:54

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام عاید کرتے ہوئے کہاہے کہ راجن پور میں ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی نے محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ کررکھاہے، پنجاب کا ٹمبر مافیا اور لینڈ مافیا مل کر مری ، راجن پور اور دیگر ڈویژن میں درختوں کی کٹائی اور محکمہ جنگلات کی اراضی پر قبضے کیلئے پوری طرح متحرک ہے اور قانون کے خوف سے مکمل طور پر آزاد ہے، پنجاب میں ڈپٹی اسپیکر تک کے عہدے کے لوگ سرکاری اراضی پر قبضے میں ملوث ہیں ، صوبائی حکومت اس حوالے سے مکمل نااہلی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے میں مصروف ہے، خیبرپختونخوا کے مقابلے میں پنجاب میں جنگلات کی کیفیت انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے جہاں چھانگا مانگا جیسے بڑے جنگل میں سے تقریباً 70ہزار درختوں کا صفایا کیا جا چکا ہے، میانوالی میں پچاس کی دہائی میں قائم کیے جانے والے جنگلات بھی صفحہِ ہستی سے مٹنے کے قریب ہے جبکہ چیچہ وطنی اور دیگر مقامات پر قائم جنگلات کا بھی صفایا کیا جا چکا ہے،بلین ٹری سونامی مہم کے ذریعے خیبر پختونخوا کے ذریعے اب تک گیارہ کروڑ درخت اگائے جا چکے ہیں، ،آئندہ دو ماہ میں یہی تعداد دوگنی ہو جائے گی،،ڈبلیو ڈبلیو ایف نے خیبرپختونخوا حکومت کی بلین ٹری سونامی کو 85 فیصد کامیاب قرار دیا ہے ، خیبر پختونخوا میں درخت اور پنجاب میں میٹر و بس اور اور نج لائن ٹرین اگائی جارہی ہے، ایک ارب 20کروڑ درخت 2018 کے آخر تک لگ جائیں گے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں ہری پور میں بلین ٹری سونامی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔قبل ازیں انہوں نے خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی تحریک کے جائزے کیلئے ضلع ہری پور کے نواح میں شجر کاری مقام کا دورہ کیا اور پودوں کی افزائش و نگہداشت کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مکھنیال کے مقام پر صوبائی حکومت کی جانب سے اگائے گئے پودوں کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت بلین ٹری سونامی کے ذریعے آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی تغیر کے خطرناک اثرات سے محفوظ بنانے کیلئے بھرپور اور متحرک کردار ادا کرنے میں مصروف ہے۔

پنجاب میں جہاں حکومت انسانوں کی تعمیرو ترقی پر وسائل خرچ کرنے کی بجائے میٹرواور اورنج ٹرین جیسے غیر منافع بخش منصوبوں میں قومی وسائل جھونک رہی ہے، کے برعکس خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنایا ہے اور وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرنے کی بجائے آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے سرمایہ کاری میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی مہم کے ذریعے اب تک تقریباً گیارہ کروڑ درخت اگائے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ دو ماہ میں یہی تعداد دوگنا سے بھی تجاوز کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے تحت خیبرپختونخوا کے جنگلات کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشیں قابلِ قدر ہیں اور اس میں مقامی آبادی کا کردار انتہائی مثالی حیثیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انتہائی کامیابی سے بلین ٹری سونامی مہم کو مقامی آبادی کی شراکت سے آگے بڑھا رہی ہے، جس کے باعث نا صرف یہ کہ لاکھوں کی تعداد میں نئے درخت اگائے جا رہے ہیں بلکہ پہلے سے موجود درختوں کی حفاظت کا بھی مناسب بندوبست کیا گیاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اب تک اگائے جانے والے درختوں کی کامیاب افزائش کی شرح انتہائی اطمینان بخش ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کا یہ منصوبہ ملک بھر بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثال ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جنگلات کے مستقل تحفظ کیلئے درختوں کی کٹائی پر نہ صرف مکمل پابندی عائد کی گئی ہے بلکہ طاقتور ٹمبر مافیا کو بھی تاریخ میں پہلی مرتبہ موثر انداز میں قابو میں لایا گیا ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت سنبھالنے سے قبل سالانہ تقریباً دو سو ارب روپے کی لکڑی چوری کرنے کی رسم جاری تھی جسے مکمل طور پر ختم کر دیاگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مقابلے میں پنجاب میں جنگلات کی کیفیت انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے جہاں چھانگا مانگا جیسے بڑے جنگل میں سے تقریباً 70ہزار درختوں کا صفایا کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی میں پچاس کی دہائی میں قائم کیے جانے والے جنگلات بھی صفحہِ ہستی سے مٹنے کے قریب ہے جبکہ چیچہ وطنی اور دیگر مقامات پر قائم جنگلات کا بھی صفایا کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ٹمبر مافیا اور لینڈ مافیا مل کر مری ، راجن پور اور دیگر ڈویژن میں درختوں کی کٹائی اور محکمہ جنگلات کی اراضی پر قبضے کیلئے پوری طرح متحرک ہے اور قانون کے خوف سے مکمل طور پر آزاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈپٹی اسپیکر تک کے عہدے کے لوگ سرکاری اراضی پر قبضے میں ملوث ہیں اور صوبائی حکومت اس حوالے سے مکمل نااہلی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے میں مصروف ہے۔

اپنی گفتگو کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہری کی قربانی کے اعتراف میں اس کے فرزند کواعزاز دینے کے فیصلے سے بھی میڈیا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے میڈیا کو خیبرپختونخوامیں مختلف مقامات پر اگائے جانے والے درختوں کے جائزے کی دعوت دی اور کہا کہ میڈیا کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جنگلات کی صورتحال اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومتوں کے اقدامات کا آزادانہ جائزہ لینا چاہیے اور قوم کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے ڈبلیو ڈبلیو ایف جیسے عالمی شہرت کے حامل ادارے کو منصوبے کی آزاد مانیٹرنگ کی دعوت دی ہے ۔ شجرکاری کے مقام کے دورے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کو بلین ٹری سونامی کے حوالے سے پیش رفت پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف نے منصوبے کے حوالے سے ویب سائیٹ کا باضابطہ افتتاح کیا اور قیمتی اور نایاب نسل کے عقاب آزادکیے۔ اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک، مشیر اطلاعات مشتاق غنی، وزیر برائے سکینڈری تعلیم عاطف خان، وزیر ماحولیات اشتیاق برقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات