ترقیاتی منصو بوں کی تعمیر و تکمیل میں سست روی کو برداشت نہیں کیا جائیگا،ہر صورت مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں ‘ گورنر پنجاب

ڈاکٹر مسیحا ہیں ،صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریضوں کی تکالیف کا احساس کریں،محکمہ صحت کے جاری ترقیاتی منصو بوں کو بروقت مکمل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ‘ ملک محمد رفیق رجوانہ

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:46

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی ایمر جنسی وارڈز کے نظام کو بہتر کیا جائے،ایمر جنسی وارڈ میں مریض انتہائی پریشانی،تکلیف اور کسم پُرسی کی حالت میں آتے ہیں،ان کا فوری علاج کیا جائے،مریضوں اور ان کے لواحقین سے حسن سلوک سے پیش آیا جائے ،ڈاکٹر مسیحا ہیں ۔

صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریضوں کی تکالیف کا احساس کریں ،ہسپتالوں کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، محکمہ صحت کے جاری ترقیاتی منصو بوں کو بروقت مکمل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ،افسران محنت اور ذمہ داری سے کام کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نیسرکٹ ہاؤس ملتان میں محکمہ صحت اور محکمہ تعمیرات کے اعلیٰ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملتان کے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصو بوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر ،ایم پی اے مہدی عباس لنگاہ، کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن(ر) اسداﷲ خان ،ڈی سی او زاہد سلیم گوندل ،جنرل منیجر سوئی نادرن گیس محمد حنیف رامے ،پرنسپل نشترمیڈیکل کالج ملتان کامران سالک ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر ملک عاشق محمد ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی رانا محمد الطاف،کڈنی سنٹرکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رفیق انجم ،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار ،ایم ایس محمد شہباز شریف ہسپتال چوہدری عبدالمجید گل ،ایم ایس چلڈرن ہسپتال شاہد محمود بخاری،ڈپٹی سیکرٹری طارق شہزاد بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ترقیاتی منصو بوں کی تعمیر و تکمیل میں سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ہر صورت مقررہ وقت پر پراجیکٹس مکمل کیئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اسی صورت ریلیف اور سہولیات میسر ہوں گی جب منصوبے بروقت مکمل ہوں گے۔ ہمیں عوام کو جوابدہ ہو نا ہے ۔ کڈنی سنٹر کیلئے مشینری اور آلات کی خریداری کے مراحل جلد مکمل کئے جائیں کڈنی سنٹر کو سوئی گیس کی فراہمی کا انتظام کیا جائے تاکہ اس کو جلد فنگشنل کیا جا سکے ۔

چلڈرن کمپلیکس کی عمارت کو بھی فروری تک مکمل کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فنڈز کی فراہمی یا کسی اور حوالے سے مشکلات درپیش ہو تو مجھے بتایا جائے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے ۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے پرنسپل نشتر میڈیکل کالج نے بتایا کہ کالج میں طلبہ و طالبات کے لئے لیکچر تھیٹر کمپلیکس کی ضرورت ہے ۔ طلباء کو لیکچر ہال کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر ملک محمد عاشق نے اس موقع پر بتایا کہ نشتر ہسپتال میں6ترقیاتی منصو بے جاری ہے ،جن کو بروقت مکمل کر لیا جائے ۔بعد ازاں،ء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے میٹرو بس پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا ۔انہوں نے 9نمبر چونگی سے زکریا یونیورسٹی تک اور واپس چونگی نمبر9تک میٹرو روٹ کا جائزہ لیا ۔ترقیاتی کام کی رفتار اور معیار کو سراہا ۔

قبل ازیں ،گورنر پنجاب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے نو منتخب عہدیداروں نے بھی ملاقات کی ۔دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سینئر پارلیمنٹرین اور معروف سیاستدان سردار ذوالفقار احمد کھوسہ کی اہلیہ اور سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ محمد شریف کے داماد اظہر حمید کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے-گورنر پنجاب نے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل ِ خانہ کو یہ صدمہ صبر اور استقامت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین )