اعزازیہ کے نام پر کروڑوں کی بندربانٹ کی اطلاعات تشویشناک ہیں ،سردار حسین بابک

موجودہ حکومت کی بے حسی نے صوبے کے عوام میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے،،جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے اعزازیہ کے نام پر کروڑوں روپے کی بندر بانٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتسابی اداروں سے معاملے کی چھان بین کا مطالبہ کیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اعزایہ کی بند بانٹ کے بعد صوبائی حکومت کے کرپشن خاتمے کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اور قوم یہ جان چکی ہے کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے ملازمین بھی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سی ایم سیکرٹریٹ اور محکمہ خزانہ سمیت 7محکموں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور قومی خزانے سے کروڑوں روپے مال مفت سمجھ کر بٹور رہے ہیں، انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اعزازیہ حاصل کرنے والوں میں افسران کے گھریلو ملازمین، چوکیدار اور مالی حضرات بھی شامل ہیں اور صوبائی حکومت کے علم میں ہونے کے باوجود یہ امر انتہائی تشویشناک ہے، سردار حسین بابک نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ لینے والی صوبائی حکومت نے صوبے کو بے آسرا چھوڑا ہواہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کو بے روزگاری ‘ لاقانونیت اور غریب عوام کو مایو سیوں کے سوا کچھ نہیں دیااورصوبے کے غریب عوام موجودہ حکومت کی نا قص پا لیسیوں کی وجہ سے صوبے کے عوام میں عدم تحفظ کا احسا س شدت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بے حسی نے صوبے کے عوام میں شدید بے چینی پیدا کردی ہے جس کے مستقبل میں برے اثرات معاشرے پر پڑیں گے ،صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی احتساب کمیشن کے ذریعے دوسروں کا حتساب کرنے والی حکومت کو اب خود کو بھی احتساب کیلئے پیش کرنا چاہئے اور قومی خزانے کو شیر مادر کی ہڑپ کرنے والوں کو عوام کے کٹہرے میں لایا جائے ، انہوں نے احتسابی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اعزازیہ کے نام پر ہونے والے گھپلوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔