پاکستانی تفتیش کاروں کو پٹھان کوٹ ایئر بیس میں داخل نہیں ہونے دیں گے،ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ، اب ہم کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے ،دنیا ایک سال میں نتائج دیکھے گی،تعاون مانگیں گے مگر تعاون کریں گے نہیں

بھارتی وزیردفاع منوہرپریکر کی میڈیا سے گفتگو کے دوران دھمکی

ہفتہ 16 جنوری 2016 18:49

جے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) بھارتی وزیردفاع منورپریکر نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ پاکستانی تفتیش کاروں کو پٹھان کوٹ ایئر بیس میں داخل نہیں ہونے دیں گے،ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے اب ہم کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے ،دنیا ایک سال میں نتائج دیکھے گی،تعاون مانگیں گے مگر تعاون کریں گے نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع منوہر پریکر نے پاکستان کے ساتھ پراکسی وار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی برداشت کرنے کی صلاحیت ختم ہو گئی ہے ، اب کچھ نہ کچھ ضرورکرینگے لیکن نتیجہ میں ایک سال کا وقت لگے گا۔ پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے منوہر پریکر نے کہاکہ ہم چوکنا ہیں اورضرور ایسا کریں گے جس سے اس طرح کا درد اب ہمیں نہیں جھیلنا پڑے۔

(جاری ہے)

پاکستا ن کے ذریعہ فوجی ٹھکانوں کی جاسوسی اور حملوں کی کوشش کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جلد ی ہی فوجی ٹھکانوں کی سیکورٹی آڈٹ کرائی جائے گی اور خامیوں کو دور کرکے سیکورٹی کا پختہ نظم کیا جائے گا۔پٹھانکوٹ حملے کے بعد تما م ائیربیسوں کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے ۔منوہر پریکر نے بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا جہاں انھوں نے جماعت کے صدر اشوک پرنامی اور دیگر سینئر رہنماؤں سمیتپارٹی ورکروں سے خطاب بھی کیا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر ذومعنی لہجے میں مسلسل دھمکیاں دیتے رہتے ہیں 11جنوری کو دہلی میں آرمی ڈے کے موقع پر منعقد پروگرام میں پاریکر نے کہا کہ اگر کوئی ہمارے ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اسے بھی ویسی ہی زبان میں بتانا ہو گا۔ جو ہمیں درد دیتے ہیں، انہیں بھی درد ہونا چاہئے۔ ہماری سرحد کس طرح محفوظ رہے یہ دیکھنا ہوگا۔ اگر کوئی ہمارے ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اسے بھی ویسی ہی زبان میں بتانا ہو گا۔اس کے علاوہ بھی منوہر پاریکر پْر اسرار دھمکی آمیز لہجے میں بات کرتے ہیں۔