دو بڑی جماعتوں نے ایک دوسرے پر بیل ، بکرے کے القابات لگا کر اصلیت، اخلاقی پستی ثابت کردی، عوام مسترد کردیں، شیخ عقیل الرحمن

ہفتہ 16 جنوری 2016 15:08

مظفرا ٓباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے نائب امیر وامیدوار قانون سازاسمبلی مظفر شہر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ دونوں بڑی پارٹیوں نے ایک دوسرے پر بیل اور بکرے کے القابات لگا کر اپنی اصلیت اور اخلاقی پستی ثابت کردی ہے عوام ان کو مسترد کریں،جماعت اسلامی اس کی شدید الفاط میں مذمت کرتی ہے رواداری کی فضاء کو خراب کرنا اچھی بات نہیں ہے،ان خیالات کااظہار انھوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاکہ قومی قائدین نوجوان نسل کو کس طرح کا سیاسی درست دے رہے ہیں اس سے اجتناب کرنا چاہیے،انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اس قیادت اور نظام کو بدلنے کے لیے میدان میں اتری ہے،عوام ان کو مسترد کریں جماعت اسلامی کے امیدواران پر اعتماد کریں ریاست کے مسائل بھی حل کریں گے اور کشمیرکی آزادی کو بھی منطقی انجام تک پہنچائیں گے،جن مقاصد کے لیے یہ خطہ آزا د ہواتھا وہ ابھی تشنہ ہیں،اسلامی نظام کے نافذ سے ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں،عوام اپنے دل سے یہ بات نکال دیں کہ آزمود ہ لوگ ان کے مسائل حل کریں گے ان کے ایجنڈے میں یہ شامل ہی نہیں ہے،یہ صرف باری باری قومی خزانے کو لوٹنے کے لیے آتے ہیں اور لوٹ کر دوسرے کو باری دیتے ہیں،جماعت اسلامی باریاں لگانے والوں کا احتساب کر ے گی،انھوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو تبدیل کیا گیا تو اس سے تحریک آزادی کشمیرپر منفی اثرات مرتب ہوں گے،سید علی گیلانی سمیت دیگر قائدین نے اس پر اپنے تحفظات کااظہار کیاہے،حکومت پاکستان گلگت عوام کو سیاسی اور آئینی حقوق دے تاکہ یہاں کے عوام کااعتماد بحال ہو کشمیری پاکستان سے محبت کرتے ہوں اور اس کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں کشمیریوں سے زیادہ پاکستان سے محبت کون کرسکتاہے ۔