تنازعہ کشمیر کو مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی پر امن طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے،مختار احمد وازہ

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء مختار احمد وازہ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی پر امن طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے ۔ مختار احمد وازہ نے ککر ناگ کے علاقے لرنو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری اور پاکستان و بھارت پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو شامل کیے بغیر پاک بھارت مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتے۔مختار احمد وازہ نے کہا کہ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آج تک مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے جو بے نتیجہ رہے کیونکہ ا ن میں کشمیری شامل نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تنازعہ کشمیر کے اصل فریق ہیں جنہیں اعتما دمیں لیے بغیر مذاکراتی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں کو بے انتہا مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے لیکن اسکے باجود کشمیری اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور وہ اپنی جد وجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں محمد مصدق عادل ، عبدالمجید وانی ، غلام حسن میر اور جعفر کشمیر ی نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں بہوری پورہ سوپور اور ماگام کے کئی علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔