ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی شبیر احمد شاہ کی گھر میں مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) جموں وکشمیرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سینئر حریت رہنماء اور پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے گزشتہ برس سے اب تک انہیں مسلسل 215سے روزسے گھر میں نظربند کررکھا ہے ۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ انتظامیہ نے شبیر شاہ کی رہائش گار کو سب جیل میں تبدیل کردیا ہے اور ہر آنے جانیوالے پر کڑی نگاہ رکھی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سے انہیں مسلسل215روز سے گھر میں نظر بند رکھا گیاہے اور اس دوران انہیں 44مرتبہ جمعہ اور دوعید وں کی نمازیں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ حریت رہنماء نے 2011میں جیل سے رہا ہونے کے بعد اور 2015تک مجموعی طورپر 29مہینے تک قید و بند میں گزارے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شبیر شاہ کی مسلسل نظر بندی اس بات کا ثبوت ہے کہ انتظامیہ کسی بھی صورت میں حریت رہنماؤں کو پر امن سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔

ترجمان نے قائدین کی مسلسل گرفتاریوں اور نظر بندی اورانکی مذہبی اور سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر نے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ حریت قائدین اور عوام کے درمیان خلیج حائل کرنے کے اپنے ارادوں کو عملی جامہ پہناکر ایک سیاسی خلاپیدا کرنے کے منصوبے پر کاربند ہیں ۔ترجمان نے کہاکہ کشمیری عوام انتظامیہ کے آمرانہ اور جابرانہ رویہ ،مصائب و مشکلات اور سیاسی قائدین پر قدغن کے باوجوداپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

انہوں نے ان پابندیوں کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے جمہوریت اور اظہار آزادی رائے سے متعلق ان کے دعوے جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔ ترجمان نے پلوامہ میں شہید پارک میں ایک یادگار نصب کرنے کے عوام کے مطالبہ کو حق بجانب قراردیتے ہوئے اس سلسلے میں انتظامیہ کے کردار پر افسوس ظاہر کیا ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہتھکنڈوں کے ذریعے حق پر مبنی مطالبے سے دستبردار ہونا ہمارے لئے ممکن نہیں ہے ۔ انھوں نے پولیس کی جانب سے نوجوانوں کی گرفتاریوں اور ان پرظلم و تشددکی اطلاعات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حربے استعمال کرکے ہمارے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔