برکینا فاسو :ہوٹل پر قبضہ کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف خصوصی آپریشن مکمل یرغمالی بنائے گئے 126افرادکو رہا کروالیاگیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 16 جنوری 2016 14:06

اواگاڈوگو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 16 جنوری۔2015ء)افریقی ملک برکینا فاسو کے دارالحکومت کے مرکز میں واقع ایک ہوٹل پر قبضہ کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف خصوصی آپریشن مکمل کیا گیا ہے۔ہوٹل سے 126 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے، تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس بارے میں برکینا فاسو کے وزیر داخلہ نے اعلان کیا۔ اطلاعات کے مطابق 25کے قریب افراد ہلاک اور15 زخمی ہو گئے۔

اس ہوٹل میں اقوام متحدہ کے اہلکار اور مغربی سیاح ٹھہر جاتے ہیں، جمعہ کی شام ہوٹل کے سامنے دو کار دھماکے ہوئے تھے جس کے بعد مسلح افراد کے ایک گروپ نے ہوٹل پر حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری اسلامی مغرب کے ملکوں میں القاعدہ نامی تنظیم کی شاخ المرابطون نے قبول کر لی۔قبل ازیں ملنے والی اطلاعات کے مطابق حکومت کی جانب سے اواگاڈوگو کے ہوٹل میں یرغمال بنائے گئے افراد میں سے 30کی رہائی کا اعلان کیا گیا تھا جس کے مطابق سیکورٹی فورسسزنے کاروائی کرتے ہوئے یرغمال بنائے گئے درجنوں افراد میں سے ایک وزیرسمیت30افراد کو رہاکروا یا تاہم رہا کروائے جانے والوں کی شناحت اور قومیتوں کے بارے میں مقامی حکومت کی جانب سے ابھی تفصیلات مہیا نہیں کی گئیں ‘مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ رہاکروائے جانے والے افراد کو حفاظتی تحویل میں رکھا جائے گا کیونکہ ممکنہ طور پر یرغمالیوں کے روپ میں دہشت گرد فرارہوسکتے ہیں ‘رہا کروائے جانے والے افراد کو شناختی عمل مکمل کرنے کے بعد جانے کی اجازت دیدی جائے گی ‘واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب افریقہ میں کام کرنی والی تنظیم ”القاعدہ ان اسلامک مغرب “نے ہوٹل پر حملہ کرکے 25کے قریب افرادکو ہلاک کرکے درجنوں افراد کو یرغمال بنالیا تھا۔

(جاری ہے)

خیال کیا جا رہے کہ حملے کے وقت ہوٹل میں بہت سے لوگ مقیم تھے۔