داعش طالبان کالعدم جماعتوں سمیت ہر شکل میں دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہئے، سربراہ سنی تحریک

دہشت گردوں کے سہولت کار ان کو فنڈز فراہم کرنیوالے اور کرپٹ عناصر بھی بڑے دہشت گرد ہیں ،ختم کئے بغیر کرپشن پر قابو نہیں پایا جا سکتا، ثروت اعجاز قادری

جمعہ 15 جنوری 2016 22:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ داعش طالبان کالعدم جماعتوں سمیت ہر شکل میں دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہئیے، دہشت گردوں کے سہولت کار ان کو فنڈز فراہم کرنے والے اور کرپٹ عناصر بھی بڑے دہشت گرد ہیں ان کو ختم کئے بغیر کرپشن پر قابو نہیں پایا جا سکتا، جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو انتہائی قابل تحسین خدمات انجام دی ہیں اس پر آرمی چیف کی حیثیت میں ان کی مدت میں نہ صرف توسیع دی جائے بلکہ ان کی زندگی میں انہیں نشان حیدر عطاء کیا جائے۔

وہ لطیف آباد نمبر 8 باغ مصطفیٰ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جہاں انہوں نے سنی تحریک کے رہنماؤں خالد حسن عطاری، عمران سہروری، عابد قادری، ساجد کاظمی، شفیق میو اور دیگر کے ساتھ "پاکستان شہداء کانفرنس" کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے باغ مصطفیٰ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے خواہ وہ سنی تحریک کے قائدین ہوں فوج اور رینجرز کے جوان ہوں آرمی پبلک اسکول سمیت ملک کے کسی حصے کے طلباء ہوں یا عام شہری، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی داعش کی شکل میں ہو مولانا عبدالعزیز کی شکل یا خارجی دہشت گردی ہو ہر طرح کی دہشت گردی سے ملک کو پاک کیا جانا چاہئیے اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے، پیپلزپارٹی کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی آڑ میں نشانہ بنائے جانے کے موقف کے حوالے سے سوال پر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پورے ملک کے لئے ہیں دہشت گرد پکڑے جا رہے ہیں جو دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کر رہے ہیں دہشت گردوں نے راہ حق اور دیگر ناموں سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا ہے پارلیمنٹ میں 347 دہشت گردوں کے خلاف ایف آئی آرز اور ان کے جرائم کی فہرست پیش کی جا رہی ہے اب اور کس ثبوت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ داعش کو جو لوگ اعلانیہ دعوت دے رہے ہیں ان کا خواتین ونگ بھی بنا ہوا ہے انٹرنیٹ پر ان کے بارے میں تمام ثبوت موجود ہیں ملک کو بچانا امن و امان اگر چاہئیے تو دہشت گردی کے تمام ہیڈکوارٹرز کو ختم کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ حکومت نے دو روز پہلے بہاولپور سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ہے ہم 20 سال سے کہہ رہا ہے کہ وہ انڈیا کی جیل توڑ کر فرار ہو کر آیا ہے اور پاکستان میں بھی دہشت گردی کرا رہا ہے مگر اس کے خلاف اب جا کر کاروائی کی گئی ہے، معاشی دہشت گردی کے حوالے سے سوال پر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں معاشی دہشت گردی کو ختم کئے بغیر دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، جو لوگ اڑھائی لاکھ روپے کے ڈیفینس کے بنگلے میں رہ کر دہشت گردی کر رہے ہیں ان کے پاس کہاں سے سرمایہ آ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ صرف صدیق کانجو اور زین نورانی کو ہی رہا نہیں ہونا چاہئیے انصاف سب کو ملنا چاہئیے اور دہشت گردوں کے بارے میں اب مصلحت پسندی ختم کرنا انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو انتہائی قابل تحسین کردار ادا کیا ہے اس پر نہ صرف انہیں توسیع دی جانی چاہئیے بلکہ انہیں زندگی میں ہی "نشان حیدر" دیا جائے، تھر میں اموات کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے بیان پر ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اب سندھ کی بھی قسمت بدلنی چاہئیے یہاں بہت سے نوجوان ارکان ایسے ہیں جو وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں خدا کا واسطہ ہے کہ اب حکمران بس کریں اور بلاول کو ہی وزیراعلیٰ سندھ بنا دیں شائد اس سے بہتری آ سکے۔