اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کیلئے پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے، چوہدری محمد افضل

ویزوں کی غیرقانونی تجارت میں ملوث عناصر، ایسوسی ایشن کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ان پر پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے، پریس کانفرنس

جمعہ 15 جنوری 2016 21:10

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جنوری۔2016ء) پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے چیئرمین چوہدری محمد افضل نے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کیلئے پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویزوں کی غیرقانونی تجارت میں ملوث عناصر ہماری ایسوسی ایشن کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ان پر پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے۔

جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پروموٹرز کی وجہ سے ہمارا کاروبار متاثر ہوا ہے جس کی قطعی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنی جانب سے ایسے پروموٹرزکیخلاف مہم چلائے گی، غیر رجسٹرڈ پروموٹرز کی آڑ میں ایسوسی ایشن سے وابستہ افراد کو تنگ نہیں کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

بغیر دستاویزات اور بغیر تصدیق کے جانے والے کسی بھی شخص کو ایسوسی ایشن کی طرف سے بیرون ملک نہیں بھجوایا گیا اور حال ہی میں ڈی پورٹ ہونے والے کسی بھی شخص کا تعلق ہماری ایسوسی ایشن کے ساتھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم محمد نوازشریف سے اپیل کرتے ہیں کہ اس ضمن میں پالیسی بنائی جائے اور قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے اور قیمتی ترسیلات زر ملک میں لانے میں معاون پروموٹرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے چوہدری افضل نے کہا کہ قطر میں جلد نئے سیکٹرز کا آغاز ہونے والا ہے جہاں پاکستانی افرادی قوت کی بے پناہ ضرورت ہے۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز اور دیگر شعبوں کو چاہئے کہ وہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے پروموٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔