قانون کی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے،گورنر پنجاب

کوالٹی ایجوکیشن دینے کرنے کے لئے اچھے اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی، ملک محمد رفیق رجوانہ کا ہائی کورٹ بار سے خطاب

جمعہ 15 جنوری 2016 20:56

ملتان/لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہمیں قانون کی تعلیم کے معیار اور کارکردگی کو بہتر کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے،کوالٹی ایجوکیشن دینے کرنے کے لئے اچھے اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔سینئر وکلاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے جونیئر کی تربیت اور رہنمائی کریں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سید محمد علی گیلانی،جنرل سیکرٹری محمد مالک خان لنگاہ اور سینئر وکلاء بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام بارز کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،میری کوشش ہے کہ تحصیل کی سطح کی بار میں بھی بہترین و جدیدلائبریری اور آئی ٹی لیبز موجود ہوں تاکہ وکلاء کتب خانے کے ساتھ منسلک ہو کر اپنی استعداد کار کو بڑھائیں اور اپنے کیسز کی اچھی طرح تیاری کرکے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پیشہ میں بہتری کی بجائے تنزلی آرہی ہے۔بہت سے لاء کالجز ایسے ہیں جن کا معیار بہتر نہیں ہے۔اس حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں کہ لاء کالجز کے تعلیمی معیار کو بہتر بنایاجائے۔قبل ازیں صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سید محمد علی گیلانی نے گورنر پنجاب کو بار کی آمد پر خوش آمدید کہا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک محمد رفیق رجوانہ کے گورنر بننے کے بعد بھی ان کی محبت اور خلوص میں کمی نہیں آئی بلکہ اضافہ ہوا ہے۔

بعد ازاں گورنر پنجاب ملتان ٹیکس بار پہنچے تو ان کا پُر جوش استقبال کیا گیا۔انہوں نے ملتان ٹیکس بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بار اور بینچ دونوں کی کارکردگی ایک دوسرے کے ساتھ مربوط اور منسلک ہوتی ہے۔بینچ کی کارکردگی کو بار میں اور بار کی کارکردگی کو بینچ میں زیر بحث لایا جاتا ہے۔اس لئے ہماری وکلاء کی ذمہ داری ہے کہ ہم محنت،لگن اور تیاری کے ساتھ اپنے کیسز میں پیش ہوں۔

گورنر پنجاب نے ٹیکس بار کی لائبریری کے لئے کتب خانے کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ان لینڈ ریونیو ملتان زون زبیر بلا ل نے کہا کہ میرے آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں کسی کو کوئی بھی مسئلہ ہو تو میں اس کے حل کے لئے ہر وقت تیا رہوں۔ ملتان ٹیکس بار کے صدر اے معید خواجہ نے کہا کہ گورنر پنجاب کی آمد ہمارے وکلاء کے لئے باعث افتخار ہے انہوں نے گورنر پنجاب کو بار کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔اس موقع پر کمشنر ان لینڈ ریونیو ایچ آر ایم ڈاکٹر محمد نعیم،کمشنر ان لینڈ ریونیو ود ہولڈنگ ٹیکس یاسر علی خان اور ٹیکس بار کے ممبران بھی موجود تھے۔