وزیر اعظم کا چھوٹے صوبوں کی حکومتوں ،سیاسی قیادت سے مشاورتی اجلاس وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی دانشمندی کا مظہر ہے،محمد شاہ محمد خان وزیر

جمعہ 15 جنوری 2016 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے وزیر اعظم کے مشاورتی اجلاس کا انعقاد وزیر اعلیٰ پرویزخٹک کی دانشمندانہ پالیسی کا مظہر ہے۔امید ہے وزیر اعظم چھوٹے صوبوں کے اقتصادی راہداری کے حوالے سے خدشات اور تحفظات دورکرنے کے لئے فراخدلانہ فیصلے کریں گے تاہم اگروزیر اعظم پھراپنے وعدوں سے پیچھے ہٹنے لگے توہم وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں بھرپور مزاحمتی احتجاج سے دریغ نہیں کریں گے۔

جمعہ کے روزاپنے ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ اقتصادی راہداری میں خیبر پختونخواکے ساتھ ناانصافی سب سے بڑی غلطی ہوگی کیونکہ یہ صوبہ عرصہ دراز سے مختلف چیلنجزکا سامنا کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹلائن کا کردار اداکیا ہے۔

(جاری ہے)

مزیداس صوبے کوبے روزگاری، افغان مہاجرین کااضافی بوجھ،مقامی طور پر بے گھر افراد کی بحالی،زلزلہ زدگان اور متاثرین سیلاب جیسی متعدد مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے ایسی صورتحال میں اس صوبے کے ساتھ قومی منصوبوں میں نا انصافی بہت بڑی غلطی ہوگی کیونکہ اس منصوبے سے جن مراعات کے میسر آنے کی توقعات ہیں ان کی بدولت بے روزگاری میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی ۔

لوگوں کی معاشی حالت بہتر ہوگی انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخواکے عوام اس منصوبے کی افادیت اور اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس صوبے کے عوام راہداری منصوبے کی مراعات کا اپنے آپ کو زیادہ مستحق سمجھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :