Live Updates

صدروفاق کی علامت ہوتا ہے، صدر مملکت سیاسی جماعتوں اور صوبوں مابین اختلافات کے خاتمے کیلئے پل کا کردار ادا کریں ایوان صدر کا کردار غیر سیاسی ہوناچاہیے، صدر نے آج تک کسی تنازعے پر قوم کو یکجا کرنے کی کوشش نہیں کی

قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث کے دوران پی ٹی آئی کے رکن علی محمد کی دھواں دھار تقریر

جمعہ 15 جنوری 2016 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث کے دوران پی ٹی آئی کے رکنانجینئر علی محمدخان کی دھواں دھار تقریر، انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر فیڈریشن کی علامت ہیں، اس لئے پارٹیوں اور صوبوں کیدرمیان تنازعات اور اختلافات کے خاتمے کیلئے بل کا کردار ادا کریں اور ایوان صدر کا کردار غیر سیاسی اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک ہوناچاہیے، صدر نے آج تک کسی تنازعے پر قوم کو یکجا کرنے کی کوشش نہیں کی ۔

جمعہ کو پی ٹی آئی رکن ایوان میں صدارتی خطاب پر بحث کر رہے تھے۔ جے یو آئی کے مولانا امیر زمان نے بھی صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیا، انجینئر علی محمد نے کہا کہ بدقسمتی سے پارلیمانی نظام میں ایوان صدر کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی ہے جس کا وہ متقاضی ہے، میں نے ایک ملاقات میں صدر کو شفیق انسان اور دین سے شغف رکھنے والا پایا لیکن میرا اعتراض یہ ہے کہ جب 16دسمبر کو سانحہ پشاور ہوا تو ایوان صدر خاموش کیوں تھا، صدر نے اس موقع پر قوم کو یکجا کرنے کیلئے کردار ادا کیوں نہ کیا، صدر کی حیثیت قوم کیلئے والدین جیسی ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے پی سی کلچر ایک کینسر بن گیا ہے، وزیراعظم پارلیمنٹ میں فیصلے کرنے کی بجائے اے پی سی میں فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزنعت رسولؐ کے ایشو پر کیپٹن صفدر نے جو تقریر کی وہ ایک عاشق رسولؐ کا اظہار خیال تھا، میرا دل نے چاہاکہ میں ان کاماتھا چوم لوں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر کے پی اور بلوچستان کے تحفظات دور نہیں کئے جا رہے، پرویز خٹک نے درست کہا کہ پنجاب میں سب کچھ سونے سے بنا دو ہمیں اعتراض نہیں مگر اس سونے میں ہمیں بھی حصہ دو، یہ منصوبہ بلوچستان کو قومی دھارے میں شامل کر سکتا تھا مگر موقع ضائع کیا جا رہا ہے، ہمارامطالبہ ہے کہ یہ منصوبہ اتفاق رائے سے بنایا جائے اور پورے روٹ پر اقتصادی زونز یکساں تعداد میں بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آج کس منہ سے پاکستان سے دہشت گردی پر تعاون مانگ رہا ہے، پہلے پاکستان کو تسلیم کرنے کاتو اعلان کرے، میں کہتا ہوں کہ نریندر مودی بلوچستان میں دہشت گردی ختم کرنے میں ہماری مدد کرو، کشمیر میں کشمیریوں سے انصاف کرو، پھر ہم سے تعاون مانگو، صدر سی پیک سمیت تمام قومی تنازعات پر قائدانہ کردار ادا کر کے قوم کو یکجا کریں، جے یو آئی کے مولانا امیر زمان نے کہا کہ چھ ماہ بعد صدر کے خطاب پر بحث مضحکہ خیز ہے، صدر کو صرف تقریریں کرنے اور آرڈیننس جاری کرنے کیلئے رکھا گیا ہے، حکومت وسائل کی تقسیم میں آئینی تقاضے پورے نہیں کر رہی، بلوچستان سارے ملک کو گیس فراہم کرتا ہے مگر اس کے اپنے اضلاع میں گیس فراہم نہیں کی جا رہی، صوبے میں 90ہزار شناختی کارڈز بلاک ہیں، اقتصادی راہداری منصوبہ اے پی سی کے فیصلے کے تحت بنایا جائے اور اسکا مغربی روٹ پہلے مکمل کیا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات