ملکی ترقی اور خوشحالی کے ضامن سی پاک منصوبے کی جلد تکمیل چاہتے ہیں ،،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے اس منصوبے کو کوئی بھی متنازعہ نہیں بنانا چاہتا،سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 جنوری 2016 20:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے سی پاک پر آل پارٹیز کانفرنس بلانا خوش آئند ہے ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے اس منصوبے کو کوئی بھی متنازعہ نہیں بنانا چاہتا ،ایٹمی صلاحیت کے بعد یہ دوسرا بڑامنصوبہ ہے اور ہم سب اس کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔

سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ،جس طرح چین نے اپنے آٹھ پسماندہ صوبوں کو ترقی دینے کیلئے یہ منصوبہ بنایا ہے اسی طرح حکومت پاکستان کو بھی اپنے غریب اور پسماندہ علاقوں کو اس سے فائدہ پہنچانا چاہئے ۔ وہ جمعہ کو وزیر اعظم کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم سی پاک منصوبے کی مکمل سپورٹ کرتے ہیں اور جلد از جلد اس کی تکمیل چاہتے ہیں۔

چاروں وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کی میٹنگ بلائی جائے اور ان کی مشاورت سے روٹ کو فائنل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کو چترال اور واکھان کے راستے وسطی ایشیا ء سے ملایا جائے تاکہ نہ صرف چین اور افغانستان بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں تک ملکی تجارت کو بڑھایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ سوات اور پنچگوڑہ کے دریاؤں سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے ،وفاقی حکومت توانائی کے اس عظیم منصوبے کو وفاقی منصوبوں میں شامل کرے اور لواری ٹنل کو جلد ازجلد مکمل کرکے مالا کنڈ ٹنل پر کا م کا آغاز کیا جائے ۔