وہ وقت دور نہیں جب پاکستان مکمل طور پر امن کا گہوارہ بن جائے گا،صدر مملکت

چاہتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل حل ہوں اورافغانستان میں قومی مفاہمت کا عمل کامیاب ہو تاکہ خطے میں خوشگوار تبدیلی آئے اور ترقی کا عمل جاری رہ سکے، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں گریجویشن کی تقریب سے خطاب

جمعہ 15 جنوری 2016 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان شدت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ قو م اور قومی اداروں نے اس مقصد کے لئے بیش بہا ء قربانیاں دی ہیں آپریشن ضرب عزم کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان مکمل طور پر امن کا گہوارہ بن جائے گا ۔صدر مملکت نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں ہم چاہتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت ہمارے تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں اسی طرح ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں قومی مفاہمت کا عمل کامیاب ہو تاکہ خطے میں خوشگوار تبدیلی آئے اور ترقی کا عمل جاری رہ سکے۔

(جاری ہے)

صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ اکیسویں صدی میں قومی سلامتی کے امور میں غیر معمولی تبدیلیاں آئی ہیں اور اب یہ معاملہ دفاع کے ساتھ ساتھ سیاسی ، ماحولیا تی اور سماجی عوامل سے بھی منسلک ہو گیا ہے یہ ایک غیر روایتی صورتحال ہے جس کے لیے ہمیں نیا اندازِ فکر اختیار کرنا ہوگا۔ انہو ں نے کہا مجھے یقین ہے کہ ایک شاندار مستقبل پاکستان کا منتظر ہے۔

حکومت عوام کی سماجی اور معاشی بہتری کے لیے بہت سے اقدامات کر رہی ہے جن کے نتیجے میں ملک ترقی کرے گا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کورس کی تقریب میں شرکت میر ے لیے باعثِ مسرت ہے۔ یہ پاکستان کا ایک اعلیٰ علمی ادارہ ہے جس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی حیثیت تسلیم کروائی ہے اس سے نہ صر ف ہماری مسلح افواج بلکہ سو ل سروسز اور برادر ملکوں کے سینیئرافسران بھی فائدہ اْٹھا رہے ہیں۔

تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف،قومی سلامتی امور کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر ناصر محمود جنجوعہ ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر ،مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور دیگرممتاز شخصیات شریک تھیں۔صدر مملکت نے کامیابی حاصل کرنے والے شرکاء کو کورس کی تکمیل پر مبارک باد دی اور ان میں میڈل تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :