پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 16رنز سے شکست دے دی ،آفریدی مرد میدان رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 جنوری 2016 14:21

پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 16رنز سے شکست دے دی ،آفریدی ..

آکلینڈ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار15جنوری- 2016ء) پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 16رنز سے ہرا کر تین میچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حا صل کر لی ہے۔ ایڈن پارک آکلینڈ میں جاری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کرپاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، اوپنر محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 33رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد احمد شہزاد 16رنز بنا کر ملنے کی گیند پر ایلیٹ کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔

صہیب مقصود اپنا کھاتہ کھولے بغیر لیفٹ آرم سپنر سینٹر کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔ سابق کپتان شعیب ملک نے حفیظ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 26رنز کا اضافہ کیا ، شعیب ملک 20رنز بنا کر سینٹر کی گیند پر ایلیٹ ہی ہاتھوں جکڑے گئے ۔ محمد حفیظ نے 36گیندوں پر نیوزی لینڈ کے خلاف کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی ، وہ 61رنز کی باری کھیل کر ملنے کی گیند پر ایسٹل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

کپتان شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے سکور میں تیزی سے اضافہ کرتے ہوئے ٹوٹل 146تک پہنچایا تاہم اس موقع پر آفریدی 8گیندوں پر 23بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ عمر اکمل نے بھی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے مشکل وقت میں ٹیم کا ساتھ چھوڑا اور 24رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔عماد وسیم 18اور سرفراز احمد 2رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبک وہاب ریاض 2اور عمر گل 1رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹیں کھو کر 171رنز بنائے ۔

محمد حفیظ 61،آفریدی 24، عمر اکمل 23اور شعیب ملک 20رنز کیساتھ نمایا ں بلے باز رہے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ملنے نے 4شکار کیے ۔ 172رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور مارٹن گپٹل 2رنز بنا کر کپتان ولیمسن کیساتھ غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوگئے ۔ کولن منرو نے پاکستانی باؤلنگ کو تختہ مشق بناتے ہوئے 27گیندوں پر 56رنز بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبو ط کر دی تاہم اس موقع پر وہاب ریاض نے انہیں بولڈ کر دیا ، کورے اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کو ریٹرن کیچ تھما بیٹھے ۔

گرانٹ ایلیٹ3رن بنا کر آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے بو م بوم کی گیند پر احمد شہزاد کو کیچ دیکر پوویلین چلتے بنے ۔ آفریدی نے عمر گل کی گیند پر سینٹر کا شاندار تھام کر انہیں پہلی وکٹ دلوائی ،ٹاڈ آسٹل کو گل نے اپنے مشہور زمانہ یارکر پر کلین بولڈ کیا ۔میٹ ہنری نے 10رنز سکو ر کرکے عامر کی گیند پر آفریدی کو کیچ تھمایا ،کیوی کپتان کین ولیمسن ا س موقع پر ہمت ہار بیٹھے اور 70رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پوویلین چلتے بنے ، میچ کی آخری گیند پر ٹرینٹ بولٹ وہاب کی گیند پر آؤٹ ہونے والے آخری کیوی کھلاڑی بنے اور یوں پاکستان نے پہلے ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کو 16رنز سے ہرا تین میچز کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی ۔

نیوزی لینڈ کے لیے ولیمسن 70اور منرو 56رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3،آفریدی اور عمر گل نے 2،2جبکہ عماد وسیم اور محمد عامر نے 1،1شکار کیا ۔ شاہد آفریدی کو آل راؤنڈ کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ۔

پہلے ٹی ٹونٹی کے مکمل سکور کارڈ کے لیے لنک پر کلک کریں