تحریک انصاف کا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل

انٹرا پارٹی انتخابات تک معاملات چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن اور کوارڈینیٹر کے سپرد پارٹی چیئرمین، سیکرٹری مالیات اور سیکرٹری اطلاعات احکامات سے مستثنیٰ قرار ہوں گے، تسنیم نورانی

جمعہ 15 جنوری 2016 12:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح کی تمام تنظیمی کمیٹیاں تحلیل کر دی گئیں۔ ،چیئرمین ،سیکرٹری مالیات اوراطلاعات احکامات سے مستثنیٰ قرار ہوں گے،چیف الیکشن کمشنرتسنیم نورانی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنز تسنیم نورانی کی جانب سے جمعہ کے روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح کی تمام کمیٹیاں تحلیل کر دی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف کی نیشنل ایڈوائزری کونسل اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت تمام ونگز بھی تحلیل کر دیئے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی چیئرمین عمران خان، سیکرٹری مالیا ت اور سیکرٹری اطلاعات احکامات سے مستثنیٰ قرار ہوں گے اورآزاد کشمیر ،گلگت بلتستان ،اوربلوچستان کی تنظیمیں تحلیل نہیں ہوئی نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات تک معاملات چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن اور کوارڈینیٹر کے سپرد ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے جو 6 ہفتے تک جاری رہے گی، الیکشن لڑنے والے رہنماوٴں کے لئے پارٹی دفاتر اور سہولیات استعمال کرنے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی انٹر اپارٹی انتخابات کے دوران جلسے جلوس کم سے کم رکھنے کی ہدایات کی گئی ہے جب کہ ناگزیر سیاسی سرگرمیوں کے لئے چیئرمین پی ٹی آئی کو ارکان پارلیمنٹ کی خدمات لینے کی اجازت دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق رکنیت سازی مہم مکمل ہوتے ہی الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا جب کہ جعلی ووٹوں کے اندرا ج کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائے گی