بلاول بھٹو زرداری اور نیئر حسین بخاری کی ملاقات، پارٹی کی تنظیم نواور آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے صلاح ومشورہ

نچلی سطح سے مرکزی سطح تک پارٹی انتخابات منعقد کروائے جائیں،نیئر بخاری کی تجویز

جمعرات 14 جنوری 2016 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کی زرداری ہاؤس میں ملاقات ، بلاول بھٹو زرداری نے نیئر حسین بخاری سے پارٹی کی تنظیم نو ، ملک بھر میں دوروں کے پروگرام ،موجودہ صورتحال میں پارٹی کے پارلیمنٹ میں کردار ،کے علاوہ آزاد کشمیر میں آئندہ منعقد ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے صلاح ومشورہ کیا۔

نیئر بخاری اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی بلاول بھٹو زرداری نے نیئر بخاری کی پارٹی کے ساتھ طویل وابستگی اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ممبر قومی اسمبلی ، اپوزیشن کے کردار ، ایوان بالاء میں بحیثیت قائدایوان حکومتی پالیسوں اور اقدامات فیصلوں کے بارے میں کارکردگی اور بحیثیت چیئرمین سینیٹ آئین پاکستان کی اصل شکل میں بحالی اور اہم ترین قانون سازی میں تمام پارٹیوں سے مشاورت کے بعد آئینی ترامیم کی منظوری کے کردار کو بھی سراہا ۔

(جاری ہے)

نیئر بخاری نے بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی کا منشور ، پالیسی ، پروگرام آج بھی محروم طبقات کے مسائل کا حل ہے۔ پیپلزپارٹی کی سیاسی و قومی خدمات کی قوم آج بھی معترف ہے اور قائد عوام شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید کے علاوہ سیاسی کارکنوں اور قائدین کی جمہوریت کے لئے قربانیاں تسلیم شدہ ہیں۔ نیئر حسین بخاری نے تجویز کیا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی طرح نچلی سطح سے مرکزی سطح تک پارٹی انتخابات منعقد کروائے جائیں تاکہ کارکنوں میں سے ہی جمہوری طریقے سے پارٹی عہدیداران کا انتخاب ہو۔

نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی وجہ سے چیئرمین سینیٹ تک کا عہدہ میرا کل اثاثہ ہے ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات میں نیئر بخاری کو اہم ذمہ داریاں ثونپے جانے کا امکان ہے ۔