سپیکرقومی اسمبلی کا آر سی سی کیلئے قانون سازی کا اعلان

سردار ایاز صادق کا ریڈکریسنٹ کور کے پہلے بیج کی حلف برداری تقریب سے خطاب

جمعرات 14 جنوری 2016 20:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کی خدمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں کسی بھی ایمرجنسی یا سانحہ میں پاکستان ریڈ کریسنٹ کا جذبہ انسانیت سرد نہیں ہوا، ستارہ امتیاز کی حامل پاکستان ریڈ کریسنٹ کا دنیا میں ایک نام ہے، رضاکار فورس کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ریڈ کریسنٹ کور آف والنٹیئرز (آر سی سی) کے لیے قانون سازی میں بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔

وہ جمعرات کو پاکستان ریڈ کریسنٹ نیشنل ہیڈکوارٹرز میں والینٹئرز کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔سردار ایاز صادق نے آر سی سی کے پہلے بیج سے حلف لیا جو 100 سے زائد رضاکاروں پر مشتمل تھا۔ پاکستان ریڈکریسنٹ کا ’’ریڈ کریسنٹ کور‘‘ صحت مند و محفوظ پاکستان کی بنیاد بنے گا۔

(جاری ہے)

یہ ماضی کی این سی سی کی جدید ترین شکل ہو گی جس میں طلبہ و طالبات کو فرسٹ ایڈ سے لیکر ریسکیو ریلیف کی تمام تر تربیت فراہم کی جائے گی۔

آر سی سی کے ذریعے معاشرے میں ’’ادراک‘‘ بروقت بچاؤ اور احتیاط کے عمل کو فروغ دیا جائے گا۔ پی آر سی کا یہ اقادم آئی ایف آر سی کے ’’ون بلین کولیشن فار ری ریلنس‘‘ کا حصہ ہے۔ سپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ صحت مند و محفوظ پاکستان کے لئے رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں سے حلف لینا میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ پاکستان کو داخلی طور پر درپیش دہشتگردی کے عفریت سے بھی نمٹنا ہے جو تاریخ کا بدترین دور ہے۔

اِن چیلنجز سے جذبہ خدمت سے لبریز ہمارمے رضاکار بہتری کی جدوجہد میں کارہائے نمایاں انجام دیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعید الٰہی چیئرمین پاکستان ریڈکریسنٹ نے کہا کہ رضاکارانہ خدمات کی فراہمی پاکستان ریڈکریسنٹ کا خاصہ ہے۔ ہم 1.7 ملین کے لگ بھگ رضکار فورس رکھتے ہیں جو مقامی سطح سے ایک قومی سطح تک کے سانحات میں بلامعاوضہ، بروقت اور خدمت کے جذبہ سے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

پورے پاکستان میں ریڈکریسنٹ کور قائم کی جا رہی ہے جو صحت مند و محفوظ پاکستان کی بنیاد بنے گی۔ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈ کا خواب جلد تعبیر حاصل کرے گا۔ آر سی سی کا ممبر مکمل تربیت یافتہ ہو گا۔ ہم آر سی سی کے ذریعہ صحت مند محفوظ پاکستان کیلئے جذوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔ تقریب حلف وفاداری میں مختلف ممالک کے سفراء آئی سی آر سی، اور آئی ایف آر سی کے ہیڈز آف ڈیلی گیشن ، پارٹنر نیشنل سوسائیٹیز کے نمائندوں اور متعدد شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :