اختیارات کے غلط استعمال پرڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سکھر ملازمت سے برخاست

ڈپٹی ڈائریکٹر نے تین شناختی کارڈ غیر قانونی طور پر جاری کرائے وزیر داخلہ کی ہدایت پر چیئرمین نادرا نے ملازمت سے برخاست کیا،اعلامیہ

جمعرات 14 جنوری 2016 20:37

اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جنوری۔2016ء) چیئرمین نادرا نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر تین شناختی کارڈ جاری کرانے والی ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سکھر کو وزیر داخلہ کی ہدایت پر ملازمت سے برخاست کر دیا۔ جمعرات کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سکھر کے جعلی شناختی کارڈز کیس کا ڈراپ سین ہو گیا۔

وزیر داخلہ کی ہدایت پر چیئرمین نادرا نے ایک ہفتے میں انکوائری مکمل کر کے جرم ثابت ہونے پر مذکورہ افسر کو نوکری سے برخاست کر دیا۔ مذکورہ افسر نے 2012ء میں اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور سے اپنے اور اپنے خاوند کیلئے تین تین شناختی کارڈز حاصل کئے۔ سابقہ دور حکومت میں کیس منظر عام پر آنے کے باوجود بھی متعلقہ افسر کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور معاملے کو دبا دیا گیا۔

(جاری ہے)

حالیہ میڈیا رپورٹس پر وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نادرا کو فوری انکوائری اور ایکشن کا حکم دیا تھا۔ اس وقت کے ڈی جی نادرا سندھ کو بھی مذکورہ افسر کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے قومی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

متعلقہ عنوان :