این اے قائمہ کمیٹی خزانہ نے رضا کارانہ ٹیکس سکیم بل کی کثرت رائے سے منظوری دیدی

جمعرات 14 جنوری 2016 19:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے رضا کارانہ ٹیکس سکیم بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی ہے ۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ ، رشید گوڈیل ، مراد سعید اور ناصر خٹک نے بل کیخلاف رائے دی ہے ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اجلاس گزشتہ روز قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں پرویز ملک ، عبدالمنان ، سردار جعفر لغاری ، مراد سعید ، رشید گوڈیل ، ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور دانیال عزیز و دیگر کمیٹی ممبران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا اجلا س سنگل ایجنڈا رضا کارانہ ٹیکس سکیم بل کی منظوری پر شروع کیا گیا جس کی اپوزیشن جماعتوں نے مخالفت کی اور حکومتی ارکان کی اکثریت ہونے کی وجہ سے حکومتی ٹیکس بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا یاد رہے کہ رضا کارانہ ٹیکس سکیم بل پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان متنازع تھا جس پر اپوزیشن نے اس پر تحفظات کا اظہار کیا تھا ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ یہ بل خاص طبقے کیلئے لایا گیا اور دوسرے طبقوں سے تعصبان رویہ رکھا گیا ہے اور یہ بل آئینی طور پر آرٹیکل 25-Aکے متصادم ہے رضا کارانہ ٹیکس سکیم بل قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا جو سپیکر قومی اسمبلی نے منظوری کیلئے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو ارسال کردیا تھا جس پر گزشتہ تین اجلاس میں حکومت متفقہ طور پر بل کو منظور کروانے میں ناکامی کے بعد گزشتہ روز کمیٹی میں رائے دہی کے ذریعے بل منظور کردیا ہے اپوزیشن جماعتوں میں بل کیخلاف تحفظات برقرار ہیں اور بل کی منظوری کیخلاف رائے دی ہے