غریب خوراک و علاج کو ترس گئے ،اراکین پارلیمنٹ نے علاج پر کروڑوں روپے اڑا دیئے

جمعرات 14 جنوری 2016 16:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جنوری۔2016ء) ملک میں غریب خوراک و علاج کو ترس گئے ،اراکین پارلیمنٹ نے علاج پر کروڑوں روپے بیرون ملک اڑا دیئے ، سب سے زیادہ خرچہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کے علاج معالجہ پر51ہزار برطانوی پاؤنڈ آیا۔تفصیلات کے مطابق ملک میں روزانہ متعدد افراد علاج معالجے کی سہولت نہ ہونے اور غذائی قلت کے باعث مر رہے ہیں جس کی مثال حال ہی میں تھرپاکر میں غذائیت کی کمی اور علاج معالجے کیلئے مناسب ادویات نہ ہونے کے باعث لقمہ اجل بن گئے ہیں مگر ہمارے اراکین پارلیمنٹ فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کروڑوں روپے اپنے علاج معالجے کی مد میں کھا گئے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاہد اللہ خان نے علاج کے لئے 51ہزار برطانوی پاؤنڈ کی رقم خرچ کی گئی جو کسی بھی رکن پارلیمنٹ کے مقابلے میں زیادہ خرچ ہے ،سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی پر جب قاتلانہ حملہ ہوا تو ان کے برطانیہ میں علاج کے لئے 46 لاکھ روپے کی رقم جاری کی گئی ، مخدوم شہاب الدین کے امریکہ میں بخار کے علاج کے لئے 1565 امریکی ڈالر ، حاجی عدیل کے لئے برطانیہ میں علاج کیلئے 30ہزار امریکی ڈالر ، الیاس بلور کے لئے 4لاکھ23ہزار روپے جاری کیے گئے تھے جو ہوا میں اڑا دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بیگم شہناز شیخ ، صلاح الدین ڈوگر ، میر محمد علی رند سمیت دیگراراکین نے علاج معالجے کی مد میں بہتی گنگا سے خوب فائدہ اٹھایا ۔آن لائن کو ایک سروے کے دوران پتہ چلا کہ اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں کھانسی کے سیرپ اور پینا ڈول یا پیراسٹامول کے علاوہ کوئی دوائی نہیں ملی۔اس موقع پر مریضوں سے جب پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ ایوانوں میں بیٹھے لوگ کروڑوں روپے اڑا دیئے مگر غریبوں کو ملک میں علاج معالجے کیلئے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں اور بمشکل تگ و دو پیناڈول ، پیراسٹا مول یا پری ٹون جیسی سستی ترین ادویات ہسپتال کی جانب فری میں دی جاتی ہیں اور مہنگی ادویات ہمیں مارکیٹ سے لینی پڑتی ہیں ۔

اس حوالے سے سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 18 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم اور نا انصافی ہے کیونکہ 18 کروڑ عوام میں زیادہ تر لوگ ایسے ہیں جو علاج کی سہولت سے محروم ہیں ،اراکین پارلیمنٹ الیکشن پر کروڑوں روپے خرچ کر دیتے ہیں لیکن منتخب ہو کر عوام کے ٹیکسوں سے علاج کر واتے ہیں،اراکین پارلیمنٹ کا اس طرح بے دریغ خرچ کرنا ظلم ہے۔

متعلقہ عنوان :