مغربی بنگال کو سکم سے ملانے والی شاہراہ پر پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد گاڑیاں اور افراد ملبے تلے دب گئے

جمعرات 14 جنوری 2016 13:55

نئی دہلی ۔ 14 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جنوری۔2016ء)بھارتی ریاست مغربی بنگال کو سکم سے ملانے والی شاہراہ پر جمعرات کی صبح پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد گاڑیاں اور افراد ملبے تلے دب گئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک لڑکی اور ڈرائیور کی لاشیں ملی ہیں جبکہ 3افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حادثہ صبح 5اور ساڑھے پانچ بجے کے درمیان مغربی بنگال کے شہر سلیگوری سے 75کلو میٹر کے فاصلے پر بوئے بیر کے مقام پر پیش آیا ۔

حادثے کے وقت بھارت کی جنرل ریزرو انجینئرنگ فورس مغربی بنگال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی واحد شاہراہ کی توسیع کا کام کر رہی تھی کہ اس دوران 152میٹر طویل پہاڑی تودہ پہاڑی سے الگ ہو کر نیچے آگرا۔ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کل کتنی گاڑیاں اور افراد ملبے تلے دبے ہیں۔