ترکی ‘جنوب مشرقی علاقے دیار باقر میں حملہ آور نے بارود سے بھری کار پولیس ہیڈ کوارٹر سے ٹکرادی ‘ پانچ افراد جاں بحق

جمعرات 14 جنوری 2016 13:17

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) ترکی کے جنوب مشرقی علاقے دیار باقر میں حملہ آور نے بارود سے بھری کار پولیس ہیڈ کوارٹر سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے ‘ جوابی کارروائی میں 8 حملہ آور مارے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی دیار باقر کے پولیس ہیڈ کوارٹر سے ٹکرادی جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور ہیڈ کوارٹر کی عمارت منہدم ہوگئی۔

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ارد گرد کی عمارتوں کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ خود کش حملے کے بعد حملہ آوروں کے ایک گروہ نے پولیس پر فائرنگ کردی ۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی طرف سے جوابی کارروائی میں 8 حملہ آور مارے گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرد باغیوں کی طرف سے کیا گیا۔

ادھر مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔دیار بارقر صوبے کے جینار ضلعے میں ہونے والے حادثے کی جگہ امدادی اہلکار ملبے کے نیچے تلاش اور تحقیقات کے کاموں میں مصروف دکھائی دیئے۔حکام نے حملے کا الزام کردستان کی ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے جنگجووٴں پر عائد کی ہے جو کردوں کی اکثریت والے صوبے میں زیادہ سرگرم ہیں تاہم ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ترکی کی میڈیا کے مطابق پولیس کی عمارت کے دروازے پر بم دھماکہ کیا گیا ‘ اس کے بعد مبینہ طور پر حملہ آوروں نے ہیڈ کوارٹر پر راکٹ داغے۔

متعلقہ عنوان :