سرکاری شعبوں میں ہونے والی خریداری کے معاملات کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے قوانین کے متعلق معلومات وقت کی اہم ضرورت ہے، کمشنر لاڑکانہ

بدھ 13 جنوری 2016 22:23

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) کمشنر لاڑکانہ غلام اکبر لغاری نے کہا ہے کہ سرکاری شعبوں میں ہونے والی خریداری کے معاملات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے سندھ پبلک پروکیورمنٹ کے قوانین کے متعلق معلومات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں قومی تعمیر کے محکموں کی ڈویڑنل سربراہان کو سندھ پبلک پروکیورمنٹ کے قوانین کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کرنے کے متعلق منعقدہ دو روزہ ورکشاپ میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی ٹریننگ سے گزیٹڈ اور نان گزیٹڈ سرکاری ملازمین کو بھرپور فوائد حاصل کرنا چاہیے، یہ وقت انفارمیشن ٹیکنالاجی کا ہے جس کی مدد سے سرکاری شعبوں میں مالی معاملات کو آسانی سے صاف اور شفاف بنایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگیولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرحیم سومرو نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے یہ معلومات ملتی ہے کہ سرکاری شعبوں میں ہونے والے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی فنڈز کو کیسے خرچ، پراسز کو آگے کیسے بڑھایا جانے اور آڈٹ کے مسائل کیسے حل کیے جائیں کے متعلق معلومات ملتی ہے۔

اس ورکشاپ میں شرکت کرنے والوں کو سیپرا قوانین کے تحت ٹھیکوں کے لیے ٹینڈر جاری کرنے، ٹینڈر کھولنے، ٹینڈر کی منظوری اور فنڈز کو خرچ کرنے کے متعلق تفصیلی معلومات دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویڑنل سطح پر اس قسم کے ورکشاپ منعقد کرنے کا مقصد سرکاری شعبوں خاص طور پر قومی تعمیر نو کے محکموں میں ہونے والی خریداری کے معاملات کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ سرکاری وسائل کو ایمانداری اور دیانتداری سے عوام کے فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

سیپرا کے ایم ڈی نے کہا کہ سرکاری شعبوں میں ہونے والی خریداری کے لیے قائم کمیٹیوں میں صرف ان افسران کو شامل کیا جائے جنہوں نے سیپرا قوانین پر عمل کرنے کے متعلق ٹریننگ حاصل کی ہو اور اس قسم کی ٹریننگ حاصل کرنے کے علاوہ افسر اور ملازمین اس کمیٹی کے ممبر نہیں ہوسکتے۔ ورکشاپ میں قومی تعمیر کے محکموں کے ڈویڑنل سربراہوں کے علاوہ مختلف فرمز کے نمائندوں کنسلٹنٹس اور رجسٹرڈ ٹھیکیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔