ایم کیوا یم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی دہشت گردوں کی جانب سے اسلام آباد میں نجی نیوز چینل کے دفتر پر دستی بم حملے اور فائرنگ کی مذمت

اسلام آباد سمیت ملک بھر بالخصوص پنجاب میں انتہاء پسند تنظیموں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے فوری کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، فاروق ستار

بدھ 13 جنوری 2016 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کہ سینئر ڈپٹی کنوینر و قومی اسمبلی میں حق پرست پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے نجی نیوز چینل کے دفتر پر دستی بم حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ آزادی ٔصحافت پر حملہ قرار دیاہے ۔ایک مذمتی بیان میں فاروق ستار نے کہاکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ حملے کی ذمہ داری انتہاء پسند تنظیم داعش کے افغانستان گروپ کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم آزادیٔ صحافت کی علمبردار ہے اور اس مشکل وقت میں بھی صحافی برادری کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں داعش کی مذموم کارروائی سے ملک بھر کے پرامن عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس کارروائی سے یہ سوال پیدا ہوگیاہے کہ جب ملک کے دارالحکومت میں داعش کی سرگرمیاں کھلے عام ہو سکتی ہیں تو ملک کے دیگر حصوں میں اس تنظیم کا نیٹ ورک کتنا مضبوط ہو سکتاہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اوچیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں نجی نیوز چینل کے دفتر پر داعش کے حملے کا نوٹس لیکر واقعہ کی شفاف تحقیقات کروائیں اور اسلام آباد سمیت ملک بھربالخصوص پنجاب میں انتہاء پسند تنظیموں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے فوری کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔