کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں بم دھماکہ پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت

بم دھماکہ بزدلانہ کارروائی اور پاکستان کے استحکام کے خلاف گھناؤنی سازشوں کا تسلسل ہے ، رابطہ کمیٹی

بدھ 13 جنوری 2016 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کوئٹہ کے علاقے سٹیلائٹ ٹاؤن میں حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز کے سامنے بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکہ کے نتیجے میں ایف سی اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گرد بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے سرگرم ہیں اور معصوم و بے گناہ انسانوں کی زندگیوں سے کھیل کر کھلی درندگی کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کوئٹہ میں بم دھماکہ بزدلانہ کارروائی اور دہشت گردوں کی پاکستان کے استحکام کے خلاف گھناؤنی سازشوں کا تسلسل ہے ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے بم دھماکہ میں ہلاک ہونے والے ایف سی اورپولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگوران کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز کے سامنے بم دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور اس میں مدد و تعاون فراہم کرنے والے عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرکے عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔