این ٹی ایس کے ذریعے کانسٹیبلان کی بھرتی،معلومات کی کمی اُمیدواران کے راہ کی رکاوٹ بن گئی‘درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 18جنوری سر پرآن پہنچی مگر تاحال اپلائی کرنے والے اُمیدواران کی تعداد مایوسی کی حد تک کم

بدھ 13 جنوری 2016 17:10

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء)این ٹی ایس کے ذریعے کانسٹیبلان کی بھرتی،معلومات کی کمی اُمیدواران کے راہ کی رکاوٹ بن گئی۔درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 18جنوری سر پرآن پہنچی مگر تاحال اپلائی کرنے والے اُمیدواران کی تعداد مایوسی کی حد تک کم ہے۔ماضی میں ضلع کی سطح پر ایس پی کے ذریعے بھرتیاں کی جاتی تھیں تو بے شمار اُمیدواران سامنے آتے تھے ۔

انتہائی باوثوق ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق آزادکشمیر کے لیے کانسٹیبلان کی بھرتی بذریعہ این ٹی ایس پراسس جاری ہے ۔این ٹی ایس کے ذریعے کانسٹیبلان کی بھرتیوں سے یہ اُمید پیدا ہوگئی تھی کہ میرٹ کے مطابق نوجوانوں کو سلیکٹ کیا جائے گا مگر حاصل ہونے والی معلومات انتہائی مایوس کن ہے کہ اُمیدوارن کی بہت بڑی تعداد معلومات کی کمی کے باعث تاحال جاب اپلائی بھی نہیں کرپائی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا تھا چونکہ این ٹی ایس میں جاب اپلائی کرنے کے لیے اُمیدوار کو آن لائین فارم حاصل کرنا اور پھر آئین لائین ہی جمع کروانا ہوتا ہے اور شاید کمپیوٹر کے علم کی کمی کی وجہ ہی ہے کہ زیادہ اُمیدوار ان ابھی تک درخواستیں بھی جمع نہیں کروا پائے ہیں۔ذرائع کے مطابق ماضی میں جب کانسٹیبلان کی بھرتیاں ضلعی سطح پر ایس پی کے ذریعے کی جاتی تھیں تو امیدواروں کی ایک بڑی تعداد سامنے آتی تھی مگر حالیہ طریقہ کار شفاف ہونے کے باوجود امیدواران کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے میں ناکام رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 18جنوری آخری تاریخ ہے اور زیادہ سے زیادہ اُمیدواران کو چاہیے کہ اپنی درخواستیں این ٹی ایس کو ارسال کرکے کانسٹیبلان کی بھرتی کے پراسس میں شامل ہوں اور اس بہترین موقع سے فائدہ اُٹھائیں کیونکہ اُمیدواران کی اس وقت کی تعداد تو مایوسی کی حد تک کم ہے۔