وزیر زراعت ،لائیو سٹاک و ایسماء سید بازل علی نقوی کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 13 جنوری 2016 17:06

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) وزیر زراعت ،لائیو سٹاک و ایسماء سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی توہین کرنیوالے شیخوپورہ کے بیل کی قربانی کوہالہ پل پر کریں گے ،کشمیر ی عوام کو بھیڑ بکریاں کہنے والوں کو عوام مسترد کر د یں گے ،ن لیگ کی تاریخ گندی زبان اور اخلاق باختہ حرکتیں ہیں مگر کشمیری عوام نے تہیہ کر لیا ہے کہ ریاست سے اس عفریت کو ختم کرنا ہے ،بھمبر کی جلسی میں جو زبان استعمال کی گئی اس پر ن لیگ کو ڈوب مرنا چاہیے ۔

وفاقی وزراء خود کو وائسرائے نہ سمجھیں اگر باز نہ آئے تو عوام ان کو کشمیر کی سرزمین پر داخل نہیں ہونے دیں گے ۔وزیر زراعت نے یہ بات اسمبلی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہی ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ ہم سیاست میں رواداری کے قائل ہیں لیکن کوئی اسے ہماری کمزوری نہ سمجھے ،انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق چلنے والے لوگ ہیں اور کسی کو اس سے بھاگنے نہیں دیں گے ۔

(جاری ہے)

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی اور ن لیگ کو شکست فاش ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پانچ سال کے دوران تعمیر و ترقی کا جو انقلاب برپا کیا اس سے ریاست کے عوام کا پچھلے 65 سال کے دوارن خون چوسنے والوں کیا نیندیں اڑ چکی ہیں اور ان کو اگلے انتخابات میں بھی شکست واضح نظر آ رہی ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے وفاقی وزراؤ کا سہارا لیا ہے اور ان کے ذریعے ریاست کے پرامن لوگوں کو فتح کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں مگر وہ اپنے مقاصد مین ناکام رہیں گے