سید علی گیلانی نے پلوامہ میں بھارتی مظالم اور گرفتاریوں کیخلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کی کال دیدی

بدھ 13 جنوری 2016 16:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے پلوامہ قصبے میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم، بلاجواز گرفتاریوں اورشہداء کی یادگار قائم کرنے کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے (کل )15جنوری کو نماز جمعہ کے بعد پر امن احتجاج کی کال دی ہے ۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تمام نظربند نوجوانوں کی فوری رہائی اور اِن کے خلاف دائر تمام مقدمات واپس لینے پر زور دیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا، جو پلوامہ جاکر معززین اور نوجوانوں سے ملاقات کرے گی۔

انہوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ اور بھارتی پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس مسئلے کو غیر ضروری طور پرالجھا دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورے جموں وکشمیر میں پانچ سو سے زائد مزارِ شہداء موجود ہیں اور ہر جگہ ان مزاروں پر یادگاری بورڈ نصب ہیں اور کہیں بھی اس بارے میں کوئی مسئلہ پیدا ہوا نہ ہی امن و قانون کو کوئی خطرہ لاحق ہوا ہے، البتہ پلوامہ میں پولیس اور انتظامیہ نے غیر ضروری طور ایک مسئلہ کھڑا کیا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات اور مصائب کاسامنا ہے ۔

انہوں نے کشمیری عوام کو خبردار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ گزشتہ کئی برس سے بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور بھارتی فورسز کی نگاہوں میں کھٹک رہا ہے۔ یہاں لاکھوں لوگ کشمیری شہداء کے جنازوں میں شرکت کرتے ہیں ۔ سیدعلی گیلانی نے کہا کہ بھارتی پالیسی سازوں نے پلوامہ کے عوام کو انکے جذبہ حریت کے لیے سزا دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ صورتحال مہینوں تک جاری رہے تاکہ علاقے کی معیشت متاثر ہو اور آخر کار لوگ تحریک آزادی اور سرفروشوں سے متنفر ہوجائیں۔

بزرگ رہنماء نے پلوامہ کے شہریوں اور خاص کر نوجوانوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کا مقابلہ بڑی فہم وفراست سے کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ دشمن کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ وفد پلوامہ جاکر یہاں کے اوقاف ذمہ داروں، معززین اور حریت پسند نوجوانوں سے ملاقات کرے گا اور بعد میں اس سلسلے میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائیگی ۔