صدرآزادکشمیرسردارمحمدیعقوب خان کا مسٹ یونیورسٹی میرپورکی سپورٹس کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

بدھ 13 جنوری 2016 14:57

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء)صدرآزادکشمیرسردارمحمدیعقوب خان نے کہاہے کہ طلباء و طالبات روشن مستقبل ہیں ان کی تعلیم و تربیت دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر نا اور انھیں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس مقصد کے لیے حکومت آزادکشمیرنے چھ یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے غریب لوگوں کوان کی دہلیز پرتعلیمی سہولتیں فراہم کی ہیں۔

نصابی وہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیلو ں کے میدان اور سپورٹس اسٹیڈیم تعمیرکیے ہیں۔ طلباء وطالبات کی ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کواجاگر کرنے کے لیے ہرممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم وتربیت میں پیشہ ورانہ فرائض پوری ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ کشمیری طلباء بین الاقوامی معیارکے مطابق تعلیم حاصل کرسکیں ان خیالات کااظہارانھوں نے مسٹ یونیورسٹی میرپورکی سپورٹس کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت وائس چانسلرمسٹ یونیورسٹی ڈاکٹرحبیب الرحمان نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیرنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت نے غریب عوام کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھول دیئے ہیں اور آزادکشمیرمی یونیورسٹیاں ،میڈیکل کالج بنائے ہیں۔سابقہ حکومتوں نے کالج اوریونیورسٹیوں کے نام پرضلع سے ضلع کولڑایا۔ا نہوں نے کہا کہ کھیل ایک صحت مند سرگرمی ہیں ۔

جو صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ طلباء و طالبات کو مسٹ میں کھیل کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ طلباء کو چاہیے کہ وہ قومی اور بین الاقوامی کھیلوں میں حصہ لے کر ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔ ہمارا مشن آزاد ی ہے جو کہ ابھی ادھورا ہے ۔ ہمیں اپنی کھیلوں کی ایسی ٹیم بنانی چاہیے جودنیا بھر میں کشمیر کی نمائندگی کرے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو۔

طلباء نے ملک و قوم کو لیڈ کرنا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ علاقائی تعصبات کو ختم کیا جائے۔ آزاد ی ہمارا مشن ہے اور ہر طالب علم اس آزادی کے مشن کا سپاہی ہے جو کہ قلم سے آزادی حاصل کرے گا۔ بعدازاں صدرآزادکشمیرنے مسٹ یونیورسٹی میرپورمیں سپورٹس کی سالانہ تقریب میں بہترکارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ڈائریکٹر سپورٹس عابد حسین نے سپورٹس کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے تمام معزز مہمانوں اور بطور خاص صدر ریاست کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے کہ جیسے مسٹ نے اپنی اکیڈمک رینکنگ کو بہتر کیا ویسے ہی سپورٹس رینکنگ میں بھی اپنا مقام حاصل کرے گی ۔ کھیلوں کی سہولیات کوبین الاقوامی معیار کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے گا تا کہ بچے اپنی مرضی کے کھیلوں میں شامل ہو سکیں ۔

کھیل بچوں میں صحت مند مقابلے کے رجحانات کو فروغ دیتی ہیں ۔ علاقائی تعصبات کو ختم کرنے کے لیے کھیلیں بہت بہترین کردار ادا کرسکتی ہیں۔ تقریب میں رجسٹرار مسٹ پروفیسر محمد وارث ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور احمد ، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر منیر احمد چوہدری ، ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ اصغر ، ٹریژرر مسٹ ظفر اقبال چوہدری ، تمام فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔