آمدن کے باوجود تمام اڈے فلتھ ڈپو کا منظر پیش کررہے ہیں‘طاہر کھوکھر

آزادکشمیر کے مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں سے ٹیکسز کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن حاصل ہوتی ہے

بدھ 13 جنوری 2016 14:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر سابق وزیرٹرانسپورٹ و کوآپریٹو محمدطاہرکھوکھرنے ٹرانسپورٹ اڈوں سے حاصل ہونے والی کروڑوں روپے کی آمدن میں بڑے پیمانے پر خردبرد اوربلدیاتی اداروں کے حکام کی عیاشیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سے سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن حاصل ہوتی ہے ‘ جبکہ تمام اڈے فلتھ ڈپو کا منظر پیش کررہے ہیں بلدیاتی ادارے ایک پیسہ تک اڈوں کی حالت بہتر بنانے پر صرف نہیں کررہے ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر نے انکشاف کیا کہ آزادکشمیر کے مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں سے ٹیکسز کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن حاصل ہوتی ہے جو موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت بلدیاتی اداروں کو جاتی ہے جو اڈوں کاانتظام وانصرام چلانے کے ذمہ دار ہیں لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی بلدیاتی ادارہ اڈوں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ نہیں دے رہا حتی کہ دار الحکومت کے دو مرکزی اڈوں سے سالانہ کروڑوں روپے آمدن وصول کرنے کے باوجود میونسپل کارپوریشن بجلی تک فراہم کرنے میں ناکام ہے اور گزشتہ دس سال بجلی کا بل تک ادا نہیں کیاگیا دیگر سہولیات کی فراہمی ایک خواب بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

طاہرکھوکھر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سے حاصل ہونے والی آمدن دیگر کسی مد میں استعمال نہیں کی جاسکتی بلکہ اسے صرف اڈوں کی بہتری ‘ مسافروں کیلئے سہولیات کی فراہمی کیلئے استعمال کیاجاناچاہیے لیکن ایک منظم مافیا ٹرانسپورٹ اڈوں کی آمدن پر قابض ہے اور اس پر عیاشیاں کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیرٹرانسپورٹ انہوں نے اڈوں کی حالت بہتر بنانے کی کوششیں کیں جنہیں ناکام بنانے میں بدقسمتی سے مقامی عوامی نمائندے سب سے آگے تھے ۔ طاہرکھوکھر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر عیاشیوں کا سلسلہ مزید نہیں چلے گا اب بلدیاتی اداروں کو حساب دینا ہوگا انہوں نے بتایا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں وہ یہ معاملہ اسمبلی میں اٹھائیں گے اور حکومت سے وضاحت طلب کی جائیگی۔