جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق سے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کی قیادت میں وفد کی اہم ملاقات

بدھ 13 جنوری 2016 14:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق سے آزاد جموں وکشمیر جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی کی قیادت میں نائب امراء ڈاکٹر خالد محمود ، نور الباری ، محمود الحسن چودھری ، راجہ جہانگیر خان ، اور سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم خان ، وفد نے اہم ملاقات کی ۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان وزارت امور کشمیر اور ادارے آزاد کشمیر میں آمدہ انتخابات میں مداخلت کے بجائے صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں ، کشمیر کی مکمل آزادی تک میرے خون کا آخری قطرہ اور آخری سانس کشمیریوں کے لیے ہے، حکومت پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ماڈل نظام دے جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھی تقویت کا باعث ہو اور عوامی مسائل بھی حل ہوں ، حکومت پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو سیاسی اور آئینی حقوق فراہم کرے ، منگلا ڈیم اور دیامر ڈیم سمیت دیگر چھوٹے بڑے ڈیموں کی رائلٹی کشمیریوں کو دی جائے ،کرپشن ، ظلم اور نا انصافی کا دور اب ختم ہونا چاہیے ، نادرا ریکارڈ کے مطابق ووٹر فہرستیں مرتب کر کے جھرلو اور ٹھپے کے بجائے صاف و شفاف طریقے سے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیاجائے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ آزاد کشمیر اور مہاجرین کے حلقوں میں سیاسی اثر ورسوخ استعمال کر کے عوام کے حق رائے دہی کو جماعت اسلامی چھیننے نہیں دے گی ہماری کوشش ہے کہ جمہوری روایات اور طریقوں کو اپناتے ہوئے عوام کو فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے ۔سراج الحق نے کہا کہ آزاد خطہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور یہاں بے جا مداخلت نہیں ہونی چاہیے ۔

ایسی حکومت قائم ہونی چاہیے جس کو عوام مینڈیٹ دیں اور وہ اپنے عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر میں حقیقی رول ادا کرے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی اول روز سے بیس کیمپ کے کردار کی بحالی اور عوامی حقوق کے حصول کی جنگ لڑرہی ہے ، یہ جنگ عدالتوں کے اندر بھی لڑی ہے اور عوامی سطح پر بھی لڑ رہے ہیں تحریک آزادی کشمیر میں بھی قربانیاں دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سیاسی معرکے میں عوامی خدمت کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ اترنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

حکومت آزاد کشمیر جو پانچ سال لوٹ کھسوٹ میں مصروف رہی اور کشمیر کونسل کے فنڈز کرپشن کی نذر ہوتے رہے اب دونوں نے آزاد کشمیر اور مہاجرین کے حلقوں میں عوامی ضمیر خریدنے کے لیے خزانے کے منہ کھول دیے ہیں لیکن آزاد کشمیر کے غیور بہادر عوام کسی کے جھانسے لارے اور نعرے میں نہیں آئیں گے بلکہ حقیقی قیادت منتخب کریں گے ،اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ امسال پانچ فروری بھر پور انداز سے منایا جائے گا عالمی اسلامی تحریکوں نے پانچ فروری کو پوری دنیا میں منانے کا فیصلہ کیا ہے ، جماعت اسلامی پاکستان پہلے سے زیادہ پرجوش ہو کر پانچ فروری منائے ۔