کراچی، کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے 50 لاکھ روپے سے ’’کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر فنڈ‘‘ قائم کردیا

ممبران کے بچوں کی شادیوں، تعلیمی اخراجات اور افسران اور ان کے خاندان کے افراد کو مہلک بیماریوں کے علاج کیلئے نقد رقم بطور امداد دی جائے گی

منگل 12 جنوری 2016 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی فلاح و بہبود کیلئے کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے 50 لاکھ روپے سے ’’کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر فنڈ‘‘ قائم کردیا ہے جس سے ممبران کے بچوں کی شادیوں، تعلیمی اخراجات اور افسران اور ان کے خاندان کے افراد کومہلک بیماریوں کے علاج کیلئے نقد رقم بطور امداد دی جائے گی، ایسوسی ایشن نے اس فنڈ میں فوری طور پر 10 لاکھ روپے منتقل کئے ہیں جو سالانہ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے جبکہ درکار مزید رقم عطیات سے اور ایسوسی ایشن کے فنڈ سے پوری کی جائے گی، اس بات کا فیصلہ کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ریحان خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا کہ یہ فنڈ3مقاصد کے لئے استعمال ہوگا جن میں افسران کے بچوں کی تعلیم، شادیاں یا مہلک بیماریوں کا علاج شامل ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایسے افسران جن کے بچے پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ہیں یا داخلے کے منتظر ہیں یا جن کی شادیاں ہونے والی ہیں اور انہیں مالی وسائل کیلئے مشکلات کا سامنا ہے یا مہلک بیماری کے علاج کیلئے مشکلات ہیں وہ رابطہ کریں ضرورت مند افسران کو ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کے ایم سی افسران کی ہیلتھ انشورنس پالیسی کو زیادہ شفاف بنانے کیلئے فوری طور پر اخبارات میں اشتہارات شائع کئے جائیں، کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اپنے طور پر افسران کی ہیلتھ انشورنس پالیسی شروع کرے گی جس پر تیزی سے کام جاری ہے اور جلد ہی اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی جس کے لئے اخبارات میں اشتہارات شائع کئے جائیں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ممبران کیلئے ایک نوٹ بک چھپوائی جائے جبکہ مارچ میں ہونے والے انتخابات سے قبل 20 فروری تک ممبر شپ جاری رہے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ کے ایم سی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی ممبر شپ 20 فروری سے قبل حاصل کریں تاکہ مارچ میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لے سکیں۔

#

متعلقہ عنوان :