لاہور، طالبہ سے زیادتی کے ملزمان کو مقامی ہوٹل میں شراب پی کر غل غپاڑہ کرنے کے مقدمے میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

منگل 12 جنوری 2016 22:51

لاہور، طالبہ سے زیادتی کے ملزمان کو مقامی ہوٹل میں شراب پی کر غل غپاڑہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) طالبہ سے زیادتی کے ملزمان کو مقامی ہوٹل میں شراب پی کر غل غپاڑہ کرنے کے مقدمے میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ زیادتی کیس میں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ عدالت نے یہ حکم ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے جاری کیا ہے۔ ملزمان میں عمر، امیر ، قمر الزمان ، خالد ، حارث، بلال اور عبدالماجد شامل ہیں۔

ان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے مقامی ہوٹل میں ڈانس پارٹی کا انعقاد کیا تھا جس میں انہوں نے شراب پی کر غل غپاڑہ کیا ۔فاضل عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر درخواست منظورکرتے ہوئے انہیں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف مذکورہ تھانے میں ایک اور مقدمہ بھی درج ہے جس کے مطابق انہوں نے صوبائی وزیر رانا مشہود کے مبینہ قریبی عزیز عدنان ثناء اﷲ کے ساتھ ملکر لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

ملزمان اس مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ دوسری طرف متاثرہ لڑکی عدالت میں اپنا بیان قلمبند نہیں کرا رہی عدالت اسے متعدد بار بیان قلمبندکرانے کے لئے طلب کر چکی ہے مگر اس کی جانب سے ہر بار خراب ذہنی حالت کو جواز بناکر پیش ہونے سے انکار کر دیا جاتا ہے۔ لڑکی کے بیان قلمبند نہ کرانے کی وجہ سے مقدمے میں کوئی پیشرفت نہیں ہو رہی کیونکہ مقدمے میں ملوث ملزمان عدنا،امیر ، قمر الزمان ، خالد ، حارث، بلال اور عبدالماجد کے کرداروں کا تعین اس کے بیان کے بعدہی ہو گا۔

متعلقہ عنوان :