وزیر تعلیم ابراہیم ثنائی کی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر سے ملاقات،تعلیم کے فروغ کیلئے دو طرفہ اقدامات پر تبادلہ خیال

منگل 12 جنوری 2016 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء) گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم و اطلاعات محمد ابراہیم ثنائی نے ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سے ملاقات کی۔ منگل کے روز ریکٹر جامعہ کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعلیم کے فروغ کے لیے دو طرفہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ابراہیم ثنائی نے اسلامی یونیورسٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ جیسے ادارے معاشرے میں صبر و برداشت کی ترویج اور امن کے فروغ میں کلیدی کردار کے متحمل ہیں۔ انہوں نے ریکٹر جامعہ کو گلگت بلتستان میں تعلیم کی صورتحال بارے بھی بتایا۔ ریکٹر جامعہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دوردراز کے علاقوں کے طلباء کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی جامعہ کی اولین ترجیح ہے اور گلگت بلتستان سے آنے والی طالبات کو جامعہ میں ہاسٹل کی سہولت ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جاے گی۔

(جاری ہے)

ریکٹر جامعہ کا کہنا تھا کہ جامعہ کا مقصد معاشرے میں اسلامی تعلیمات سے مزین با اخلاق اور پر امن شخصیات کی تشکیل ہے جس کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ دوران ملاقات دونوں عہدیداروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اسلامی یونیورسٹی اور گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں کے مابین وفود کے تبادلوں کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ ملاقات میں صدر جامعہ کے مشیر گلزاراحمد خواجہ اور فیکلٹی آف منیجمنٹ سائنسز کے ڈپٹی ڈین اویس اعجاز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :