قائمہ کمیٹی کومشیرخارجہ کی بریفنگ کے دوران 34رکنی اتحاد میں شمولیت بارے ابتدائی موقف کااعادہ کیاگیا،دفترخارجہ

اتحادکے حوالے سے تعاون کے مختلف پہلوؤں اورسرگرمیوں بارے فیصلہ مستقبل قریب میں سعودی میزبانی میں ہونیوالے مشاورتی اجلاسوں میں کیاجائیگا،سعودی عرب کی سالمیت کوخطرے کی صورت میں پاکستان کی جانب سے بھرپوررد عمل سامنے آئیگا،ترجمان

منگل 12 جنوری 2016 22:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) ترجمان دفترخارجہ نے کہاہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کومشیرخارجہ کی بریفنگ کے دوران 34رکنی اتحاد میں شمولیت بارے ابتدائی موقف کااعادہ کیاگیا،اتحادکے حوالے سے تعاون کے مختلف پہلوؤں اورسرگرمیوں بارے فیصلہ مستقبل قریب میں سعودی میزبانی میں ہونیوالے مشاورتی اجلاسوں میں کیاجائیگا،سعودی عرب کی سالمیت کوخطرے کی صورت میں پاکستان کی جانب سے بھرپوررد عمل سامنے آئیگا۔

منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو مشیرخارجہ کی طرف سے ان کیمرہ بریفنگ سے متعلق میڈیا رپورٹس کے حوالے سے استفسار پررد عمل ظاہر کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کوان کیمرہ بریفنگ دی، بریفنگ میں پاکستان کی جانب سے 34رکنی اتحاد میں شمولیت کے حوالے سے اپنے ابتدائی موقف کااعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق مشیرخارجہ نے کمیٹی کو بتایا کہ سعودی عرب پاکستان کاقریبی دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور انسداد دہشتگردی سمیت کثیرجہتی شعبوں میں تعاون موجود ہے پاکستان نے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کو خطرے کی صورت میں پاکستان کی جانب سے بھرپوررد عمل سامنے آئیگا دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر حالیہ رابطوں کے باعث ان تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوا ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے علاقائی اورعالمی سطح پرکی جانیوالی تمام کوششوں کی حمایت کااعادہ کرتا ہے پاکستان نے انسداد دہشتگردی کیلئے قائم ہونیوالے اتحاد کاخیرمقدم کیا ہے۔ترجمان کے مطابق اتحاد کے حوالے سے تعاون کے مختلف پہلوؤں اورسرگرمیوں سے متعلق فیصلہ مستقبل قریب میں سعودی عرب کی میزبانی میں ہونیوالے مشاورتی اجلاسوں میں کیاجائیگا۔