راولپنڈی ، موسم سرماکی شدت کے ساتھ ہی سوئی گیس کی بندش اور پریشر میں کمی، ایل پی جی فروخت میں اضافہ

منگل 12 جنوری 2016 22:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے گنجان آباد و کمرشل علاقوں میں ایل پی جی سلنڈروں میں بھرائی پر پابندی کے باوجود شہر کے مختلف بازروں ، کمرشل پلازوں و گنجان آباد یوں میں موسم سرماکی شدت کے ساتھ ہی سوئی گیس کی بندش اور پریشر میں کمی ہو جانے کے باعث ایل پی جی فروخت میں اضافہ ہوا ہے ۔

دکانداروں نے کھلے عام بغیر احتیاطی تدابیر ایل پی جی ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈروں میں بھرائی شروع کر دی ہے۔ جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں لوکل میڈ ناقص کوالٹی کے سلنڈروں کی فروخت بھی کھلے عام جاری ہے۔ کسی بھی ادارے سے ان سلنڈروں کے معیار کو چیک نہیں کیا جاتا جس کے باوجود شہر کے مختلف بازاروں و گنجان آباد علاقوں میں قائم دکانوں پر ایل پی جی کی بھرائی کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ انہی سلنڈروں کیاستعمال کے دوران پھٹنے اور جانی و مالی نقصانات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔آن لائن کے مطابق شہر کے مختلف گنجان آباد علاقوں پیرودھائی، فوجی کالونی، رتہ امرال، ریلوے روڈ، کشمیری بازار، گنجمنڈی، ڈنگی کھوئی، گزالی مارکیٹ، جامع مسجد روڈ، آریہ محلہ، ڈھوک الہی بخش،امرپورہ، گلاس فیکٹری، صادق آباد، مسلم ٹاؤن، خرم کالونی،کری روڈسمیت مختلف گنجان آباد علاقون میں صبح سے شام تک روزانہ درجنوں سلنڈروں میں ایل پی جی کی بھرائی کر نے اور سلنڈروں کی کھلم کھلا فروخت ہو رہی ہے۔

جسکے سبب ارد گرد کی آبادی بھی شدید خطرات سے دوچار ہے۔ ان دکانوں پر بڑے سلنڈروں میں ایل پی جی موجودرہتی ہے۔ جنکے ساتھ پائپ کے عارضی کنکشن لگا کر فان گیس خریدنے والوں کو سلنڈروں میں بھر کر دیتے ہیں۔ جبکہ بھرائی کے دوران گیس عارضی کنکشنوں اور نوز خراب ہو نے سے گیس کی لیکج معمول کا عمل ہے۔ اس حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ انہی دکانوں سمیت دیگر الیکٹرانکس کی دکانوں سے ہر سائز اور ہر قیمت کے سلنڈروں کی خریدو فروخت کا عمل بھی جاری ہے۔

دکانوں پر جو سلنڈر معمول کے مطابق فروخت کئے جارہے ہیں ان کا معیار چیک کر نے کیلئے تاحال کسی بھی حکومتی ادارے نے اپنا فرض پورا نہیں کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گیس سلنڈروں کے استعمال کے دوران گیس لیکج سے سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور انتظامیہ بعض کاغذی کارروائی کرنے تک محدود ہے ۔ سول ڈیفنس سمیت متعدد اداروں کی جانب سے ایل پی جی کی غیر معیاری سلنڈروں میں بھرائی سمیت گنجان آباد علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے بغیر فروخت پر پابندی ہو نے کے باجود یہ خرید و فروخت کھلے عام جاری ہیں ۔

سول ڈیفنس کی جانب سے محض کاغذی کارروائی کر نے کیلئے ماضی میں چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رہا ہے لیکن فی الحال یہ سلسلہ بھی ابھی رکا ہواہے۔ جسکی وجہ سے دکاندار بے خوف و خطر کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے کشمیری بازار میں قائم ایل پی جی بھرائی کر تے ہوئے ایک دکاندار احمد خان بتایا کہ سوئی گیس کی بعض اوقات بندش اور پریشر میں کمی کی وجہ سے ایل پی جی کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔

جبکہ موسم سرما کی وجہ سے بھی لوگ ایل پی جی کی خریداری کر رہے ہیں۔ پہلے پہل ریڑھی بان اور دکاندار ایل پی جی خرید کر کھانے پینے کی اشیاء تیار کر تے تھے جبکہ اب تو عام گھریلو صارفین بھی گھروں میں ایل پی جی ہی استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سلنڈروں میں گیس بھرائی سے حادثات جنم نہیں لیتے ہیں۔ سلنڈر کے ساتھ پائپ لگا کر چولہا فٹ کرنا یا ہیٹر جلانا محفوظ کام ہے لیکن لو گ شارٹ کٹ کے چکر میں سلنڈر کے نوزل پر ہی چولہا فٹ کر لیتے ہیں ۔ آگ کے پریشر اور نوزل کی خرابی سے گیس واپسی سے حادثات جنم لیتے ہیں۔ دکانوں پر تو صرف گیس بھرائی کا کام جاری ہے ۔ حادثات بھرائی کے دوران نہیں ہو تے ہیں اس کے ذمہ دار استعمال کرنے والاخودہے۔

متعلقہ عنوان :