آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی راہنماؤں کا اجلاس

پارٹی راہنماؤں کی سیکرٹری جنرل کو اپنے شعبے سے متعلق بریفنگ دی، انتخابات2018کی تیاری کے لئے تجاویز پیش

منگل 12 جنوری 2016 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء ) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے مرکزی راہنماؤں کا اجلاس منگل کو پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اسد محمود چودھری، فاطمہ ملہی، تقدیرہ اجمل،غزالہ حبیب، راجہ حماد،ریاض خان،حاجی مطلوب،راجہ ثاقب محمود،سید مصطفیٰ شاہ،بلال کاظمی ،برگیڈئیر (ر) اسلم،اور غالب سوختہ ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر راہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پارٹی راہنماؤں نے سیکرٹری جنرل کو اپنے اپنے شعبے سے متعلق بریفنگ دی اور انتخابات2018کی تیاری کے لئے تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں 23مارچ 2016کو پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیاگیا جس کی صدارت پارٹی چیئرمین جنرل(ر)پرویز مشرف کریں گے۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں تمام صوبائی تنظیموں اور بیرون ممالک سے پارٹی عہدیداران شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر محمد امجد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام ذمہ داران کو اپنے اپنے شعبہ جات میں تنظیم سازی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہمیں 2018کے انتخابات کے لئے آج سے تیاری شروع کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے قائد پرویز مشرف اور قوم کو جلد از جلد ایک مکمل اور منظم پارٹی دینی ہے۔اس مقصد کے لئے ہمیں ہروقت پارٹی کے لئے کام کرنا ہے اور جنرل(ر)پرویز مشرف کا فلسفہ گھرگھر پہنچانا ہے۔انہوں نے پارٹی راہنماؤں کو پورے ملک میں ہنگامی طور پر رکنیت اور تنظیم سازی کرنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :