وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر لاعلم رکھے جانے کا دعویٰ مسترد

وفاقی وزیر احسن اقبال نے متعلقہ اجلاس میں شرکت کیلئے بھیجا گیا خط ٹی وی پروگرام میں پیش کردیا

منگل 12 جنوری 2016 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء ) وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر لاعلم رکھے جانے کے دعویٰ کو مسترد کردیا اور کہاہے کہ صوبائی حکومت کو سی پیک کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم وزیر اعلیٰ نے اس میں شرکت نہیں کی بلکہ اس میں شرکت کے لئے پارلیمانی سیکرٹری کو بھیج دیاگیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کے وفاقی حکومت پرپاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے لاعلم رکھنے کے اعتراضات کے جواب میں وفاقی وزیربرائے ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حکومت خیبرپختونخواہ کی جانب سے تحریرکردہ سرکاری خط پیش کیا ، وفاقی وزیر نے آگاہ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے پاکستان اور چین کی حکومتوں کے مابین کراچی میں منعقدہ حالیہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی حکومت کو باضابطہ طور پر دعوت دی گئی تھی لیکن حکومت خیبرپختونخواہ نے پارلیمانی سیکرٹری کو شرکت کیلئے بھیج دیا،اس حوالے سے وفاقی وزیر نے حکومت خیبرپختونخواہ کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا4نومبر2015 کا جوابی خط بھی دکھادیاجس میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام کے مابین اجلا س میں نمائندگی کیلئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری، چیف اکنامسٹ اور چیف اکنامک انالائسز کو نامزد کیا گیا تھا،قومی سطح کے مبصرین کا کہنا ہے کہ ان چشم کشا حقائق کے سامنے آجانے سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے اعتراضات کے پس پردہ مقاصد میں قومی منصوبے کو سیاست کی نذر کرنا لگتا ہے۔