بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ ڈائریکٹر جنرل/پرنسپل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی تعینات ، باقاعدہ عہدے کا چارج سنبھال لیا

بہترین پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی اور پیشہ ور ریسکیورز پیدا کرنا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ بریگیڈئیر(ر) امیر حمزہ

منگل 12 جنوری 2016 22:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) حکومتِ پنجاب نے بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ کو ڈ ائریکٹر جنرل/پرنسپل(BPS-20) ایمرجنسی سروسز اکیڈمی تعینات کردیا ہے جنہوں نے گذشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ امیر حمزہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے پہلے ڈائریکٹر جنرل ہیں کیونکہ ان کی تعیناتی سے قبل یہ سیٹ خالی چلی آرہی تھی۔ بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے پاکستان آرمی کو 1984میں جوائن کیا اور 32سال تک پاکستان آرمی میں خدمات سرانجام دینے کے بعد 31دسمبر 2015کو آرٹلری کورپس میں اپنے عہدے سے بطور بریگیڈئر ریٹائر ہوگئے۔

اپنی سروس کے دوران انہوں نے دنیا کے سترہ ممالک کا دورہ کیا جن میں امریکہ، برطانیہ، انڈونیشیاء، ہنگری ، سنگاپور اور دیگر شامل ہیں۔ قبل ازیں بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے ریسکیو 1122ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کہا جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)برگیڈئیر (ر)ڈاکٹر ارشد ضیاء سے تفصیلی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں انہوں نے کہا کہ وہ مل کر سروس کی بہتری کے لئے ہم آہنگی سے کام کریں گے ۔

بعدازاں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی آمد پر رجسٹر ار اکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد ؛سربراہ تمام تربیتی شعبہ جات محمد احسن، بجٹ اینڈ اکاؤنٹ آفیسر اعجاز ورک، ایڈمن آفیسر مدثر بخاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریسکیو فرحان مرزا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر انجینئر شکیل احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر احتشام، انجینئر زوہیب اصغر، انجینئر تیمور چوہدری اور افسر تعلقاتِ عامہ جام سجاد حسین اور دیگر افسران نے بریگیڈئر امیر حمزہ کا استقبال کیا ۔

میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل /پرنسپل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے کہا کہ ریسکیو 1122بہتر انداز میں پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے رہی ہے ، وہ ان چیزوں پر فوکس کریں گے جن کی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوستانہ اور ایماندارانہ ماحول میں کام کرنے کے عادی ہیں اور پاکستان آرمی میں ان کی گرومنگ بڈی سسٹم (دوستانہ)میں ہوئی ہے، اس لیے وہ ٹیم ممبر کے طور پر ٹیم میں کام کرنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور احتساب کے شفاف نظام سے بہتری گنجائش پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں بہتر سے بہترین ریسکیورز پیدا کریں اور تربیت کے معیار کو مزید بہتری کریں۔