مشیر خارجہ سرتاج عزیز (آج) سینیٹ کو سعودی عرب ،ایران کشیدگی سے متعلق ان کیمرہ بریفنگ دیں، چیئرمین سینیٹ کی رولنگ

منگل 12 جنوری 2016 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیزسعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق سینیٹ کو آج) بدھ کو ان کیمرہ بریفنگ دیں۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹر کرنل (ر) سیّد طاہر حسین مشہدی نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات میں پیدا ہونیوالی کشیدگی سے متعلق ایوان میں تحریک التواء پیش کی۔

(جاری ہے)

قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ یہ انتہائی حساس معاملہ ہے، علاقہ میں کسی منفی اقدام سے پاکستان براہ راست متاثر ہو گا، پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان اس کشیدگی کے خاتمہ میں مثبت کردار ادا کرے گا، اس حوالہ سے پاکستان کی سعودی عرب اور ایران سے بات چیت چل رہی ہے اس لئے سینٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے جس پر چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے قائد ایوان کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے رولنگ دی کہ کہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز (آج) بدھ کو ایوان کو اس حوالہ سے ان کیمرہ بریفنگ دیں۔