افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے، سیاسی رہنماؤں اور تجزیہ کاروں کی ذرائع ابلاغ سے بات چیت

منگل 12 جنوری 2016 21:40

اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جنوری۔2016ء) سیاسی رہنماؤں اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قومی اسمبلی کی خارجہ امور پر قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اویس خان لغاری نے کہا کہ افغان امن عمل پر چار ملکی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا مقصد مذاکراتی عمل کا روڈ میپ تیار کرنا ہے۔

اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد افغان مفاہمتی عمل کیلئے طالبان کو مذاکرات ی میز پر لانے کے لئے لچکدار لائحہ عمل ترتیب دینا اور اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں امن پاکستان کے قومی مفاد میں ہے۔ امریکہ اور چین نے مفاہمتی عمل کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کوششوں کی حمایت کی ہے اور اس مقصد کیلئے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کا انعقاد بھی کیا اور اب چار فریقی رابطہ کمیٹی اجلاس کے ذریعے افغانستان میں سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کی حمایت کی ہے۔

پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے لعنت سے دوچار ہیں۔ خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ پاکستان نے دنیا کو ایک پیغام دیا ہے کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ برادارنہ تعلقات ہیں اور پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لئے کوششیں کرتا رہے گا۔

سینئر تجزیہ کاروں ڈاکٹر فرحت حق، بریگیڈیئر محمود شاہ، اے زیڈ ہلالی، ڈاکٹر زاہد انور خان، ڈاکٹر غلام مصطفی اور عقیل یوسفزئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار فریقی کانفرنس کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ امریکہ افغانستان میں امن عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے اور چین بھی اس کانفرنس کا حصہ ہے۔ امریکہ نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں اور آپریشن ضربِ عضب کو سراہا اورکہاکہ اس آپریشن کے بعد خطے میں امن کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔ موجودہ حکومت افغانستان میں قیام امن کیلئے سنجیدہ کوشش کر رہی ہے۔ افغانستان میں امن خطے میں قیام امن کیلئے بہت اہم ہے۔ افغانستان کو تفریق کے بغیر دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :