بین المذاہب پارلیمانی وفد پوپ فرانسس سے باضابطہ ملاقات کرنے کے لئے آئندہ ماہ ویٹی کن کا دورہ کریگا ، وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل سربراہی کریں گے

منگل 12 جنوری 2016 21:40

اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جنوری۔2016ء) اعلیٰ سطح کا بین المذاہب پارلیمانی وفد پوپ فرانسس سے باضابطہ ملاقات کرنے کے لئے آئندہ ماہ ویٹی کن روانہ ہوگا۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل اعلیٰ سطح کے وفد کی سربراہی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

سینیٹر کامران مائیکل پوپ فرانسس کو وزیراعظم کی طرف سے مراسلہ بھی پہنچائیں گے۔

وفد پوپ فرانسس کو پاکستان کے قیام امن کی کوششوں میں قربانیوں سے بھی آگاہ کرے گا۔ سینیٹر کامران مائیکل نے یہاں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب بھی تاریخ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ذکر لکھا جائے گا تو اس میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان کے حصہ میں آئیں گی۔ کامران مائیکل نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے پوپ فرانسس کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی جائے گی۔