حکومت سبسڈی کے نام پر عوام کی دولت لوٹ کر شوگر مل مالکان کو نوازرہی ہے،شیخ حبیب

نندی پور جیسے پروجیکٹ کے نام پر بھی غریب عوام کا خون چوساگیااور تحقیقاتی کمیشن کی آڑ میں کروڑوں روپے بربادکردیئے گئے،چیئرمین سندھ تاجر اتحاد

منگل 12 جنوری 2016 21:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت سبسڈی کے نام پر غریب عوام کی دولت کو لوٹ کر شوگر مل مالکان کو نوازرہی ہے ، نندی پور جیسے پروجیکٹ کے نام پر بھی غریب عوام کا خون چوساگیااور تحقیقاتی کمیشن کی آڑ میں کروڑوں روپے بربادکردیئے گئے۔ حکمران بے حس ہوگئے ہیں۔ پاکستان کی تاجر برادری پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ ے جارہے ہیں ۔

پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے۔نیب کراچی نے ایف بی آر کو ایک رپورٹ بھیجی جس پر کارروائی سے اربوں روپے ملکی خزانے میں جمع کرائے جاسکتے تھے لیکن سابق چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے اس رپورٹ کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ۔14جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والے تاجر کنونشن میں ٹیکسز کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تاجر تنظیموں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلا س میں کراچی کی مختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ شیخ حبیب نے کہا کہ ایف بی آر نے جعلی کمپنیوں کو جعلی دستاویزات کے ذریعہ اپنے 30فیصد منافع کیلئے اربوں روپے دلوائے ہیں جبکہ صحیح کام کرنے والے صبح شام ایف بی آر میں اپنے کلیمز کیلئے دھکے کھاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنا قبلہ درست کرے ۔ادارے میں بیٹھے ہوئے کچھ افسران ملک کیلئے نہیں بس اپنے لیے سوچتے ہیں ۔ایف بی آر افسران ملک پر رحم کریں۔ چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کرتے ہیں کہ ادارے میں جو لوگ کرپشن میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور ایف بی آر کو ایک شفاف ادا بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ایسی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے جس سے چھوٹے تاجروں اور عوام کو ریلیف ملے۔

پاکستان کا بچہ بچہ ٹیکس دے ادا کررہا ہے ،دودھ بھی خریدا جائے تو اس پر ٹیکس کی ادائیگی ہوتی لیکن ایف بی آر طبقہ اشرافیہ سے ٹیکس کی وصولی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے لیکن پاکستان کے عوام کو اس حوالے سے کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ۔موبائل فون کے ایک ہزار روپے کے کارڈ پر 350روپے ٹیکس لیاجارہا ہے جو کہ سراسر زیادتی کے مترادف ہے ۔

وزیراعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں کمی اور موبائل فون کارڈ میں ٹیکس کی شرح کو کم کریں ۔سندھ تاجراتحاد کے چیئرمین نے ٹیکس ایمنٹی اسکیم کو ایک جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے ذریعہ بلیک منی کو وائٹ کرنے کا موقع دیا گیا ہے ۔حکومت اس کرپشن میں برابر کی ذمہ دار ہے ۔حکومت میں شامل کچھ لوگ بھی اس کے ذریعہ اپنا کالا دھن سفید کرلیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ایمنٹی اسکیم سے چھوٹے تاجروں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا ۔وزیراعظم میاں نواز شریف کو اگر واقعی چھوٹے تاجروں سے ہمدردی ہے تو وہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے چھوٹے تاجروں اور عوام کو ریلیف دیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ودہولڈنگ ٹیکس نافذ نہیں اس ظالمانہ ٹیکس کو فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ بینکنگ ٹرانزکشن کو فروغ ملے۔شیخ حبیب نے اجلاس کو بتایا کہ آل انجمن پاکستان کے مرکزی صدر خالد پرویز کے اعلا ن کے مطابق 14جنوری کو اسلام آباد میں ایک کنونشن منعقد کیا جائے گاجس میں ملک بھر سے تاجر رہنماشرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسز کے حوالے سے اس کنونشن میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :